سعودی عرب کا یوم تاسیس پورے فخر کے ساتھ منایا: شاہ سلمان بن عبدالعزیز
ہم نے مختلف چیلنجوں کا سامنا کیا اور تمام بحرانوں پر قابو پایا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب نے یوم تاسیس فخر کے ساتھ منایا ہے‘۔
’ ہم نے تین سو برس کے دوران مختلف چیلنجوں کا سامنا کیا اور تمام بحرانوں سے نکل آئے‘۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یوم تاسیس (فاؤنڈیشن ڈے) پر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹویٹ میں کہا کہ ’ہم پورے فخر کے ساتھ فاؤنڈیشن ڈے کی یاد منا رہے ہیں۔ یہ 1727 عیسوی مطابق 1139ھ کے دوران سعودی ریاست کے قیام کی 300 سالہ تاریخ کا اظہار ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’اس دوران ہم نے مختلف چیلنجوں کا سامنا کیا اور تمام بحرانوں پر قابو پایا‘۔ امن و استحکام اور عوام و قیادت کے درمیان ہم آہنگی وطن عزیز کی سرزمین اور یہاں کے باشندوں کا امتیاز رہا ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں بدھ 22 فروری یوم تاسیس منایا جارہا ہے۔ گزشتہ سال جنوری میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک شاہی فرمان کے ذریعے ہر سال 22 فروری کو یوم تاسیس منانے کا حکم جاری کیا تھا۔
امام محمد بن سعود نے 22 فروری 1727عیسوی کو پہلی سعودی ریاست قائم کی تھی۔ ۔
یوم تاسیس 300 برس قبل پہلی سعودی ریاست کے بانی قائدین سے سعودی شہریوں کے گہرے تعلق اور سعودی ریاست کی بنیاد سے قابل فخر وابستگی کا اظہار ہے۔