سی این این کے لیے مشرق وسطٰی بہت اہم ہے: بیکی اینڈرسن
جمعرات 23 فروری 2023 17:51
ابوظہبی 2009 سے سی این این کے عالمی آپریشن کا ایک اہم مرکز رہا ہے (فوٹو: سپلائیڈ)
سی این این پیر کو ابوظہبی سے اپنی براہ راست نشریات کا آغاز کر رہا ہے جس سے اس نیٹ ورک کی مشرق وسطیٰ سے وابستگی ظاہر ہوتی ہے۔
سی این این ابوظہبی کی مینیجنگ ایڈیٹر بیکی اینڈرسن نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ابوظہبی میں جدید ترین ٹیکنالوجی میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہمیں اپنے مقصد میں آگے بڑھنے کا ایک حقیقی موقع فراہم کرتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس دور میں سی این این جیسے ادارے کے لیے مشرق وسطیٰ کے خطے میں اپنا ایک اہم بین الاقوامی مرکز ہونا بہت ضروری ہے۔ خطے کے پرزم کے ذریعے کہانیوں کو دیکھنا اہم ہے۔‘
یاس کرئیٹیو حب میں واقع سی این این کا نیا بیورو متحدہ عرب امارات میں نیٹ ورک کے آپریشن کے دائرہ کار کو بڑھائے گا۔
80 مربع میٹر پر محیط سٹوڈیو سے سی این این کا کرنٹ افیئرز پروگرام ’کنیکٹ دا ورلڈ ود بیکی اینڈرسن‘ نشر ہو گا۔
ابوظہبی 2009 سے سی این این کے عالمی آپریشن کا ایک اہم مرکز رہا ہے جب نیٹ ورک نے پہلی بار متحدہ عرب امارات میں اپنا بیورو کھولا۔
بیکی اینڈرسن نے کہا کہ ’یہ (خطہ) سی این این کے لیے ادارتی اور تجارتی دونوں لحاظ سے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ نئے بیورو میں سرمایہ کاری خطے کے لیے ہماری وابستگی کو واضح کرتی ہے۔‘
نیا بیورو ملٹی پلیٹ فارم مواد کی تخلیق کو فعال کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو کہ آج کی ٹیکنالوجی سے چلنے والی دنیا میں میڈیا آؤٹ لیٹس کے لیے ضروری ہے۔
چیٹ جی پی ٹی جیسے مصنوعی ذہانت کے ٹولز کے سامنے آنے کے بعد ہر کوئی حیران ہے کہ کیا صحافیوں اور صحافت کا مستقبل بدلنے والا ہے۔
بیکی اینڈرسن جو 25 سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں، کا کہنا ہے کہ خبروں کو جمع کرنے کا طریقہ بدل گیا ہے اور سوشل میڈیا نے اس میں کردار ادا کیا ہے تاہم رپورٹنگ میں تصدیق، توازن اور حقائق کی جانچ کا کوئی متبادل نہیں ہے اور میں اس میں سے کچھ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت پر بھروسہ نہیں کروں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نشریات، اشاعت اور مواد کے لیے مختلف پلیٹ فارم فراہم کرنے میں مدد کر سکتی ہے لیکن یہ حقیقی رپورٹنگ کا متبادل بننے میں ناکام رہتی ہے۔
اینڈرسن جن کے انسٹاگرام پر35 ہزار سے زیادہ اور ٹوئٹر پر 140،000 فالوئرز ہیں، نے بتایا کہ سوشل میڈیا نے ہمیں فالوئرز کے ساتھ اپنے تعلقات کو گہرا کرنے کا ایک شاندار طریقہ فراہم کیا ہے اور میں واقعی اس سے لطف اندوز ہوتی ہوں۔‘