Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جیسا باپ ویسا بیٹا‘، دھواں دار بیٹنگ پر اعظم خان اور معین خان میمز کا مرکز

اعظم خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 42 گیندوں پر 97 رنز بنائے۔ (فوٹو: پی سی سی)
اعظم خان نے جہاں اپنی دھواں دار بیٹنگ سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کامیابی دلاتے ہوئے دوسری ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجائی وہیں سوشل میڈیا صارفین کو ایک دلچسپ موضوع بھی ہاتھ آ گیا ہے۔
انہوں نے جمعے کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر آٹھ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 97 رنز بنائے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسا انہوں نے اس ٹیم کے خلاف کیا جس کے کوچ ان کے والد معین خان ہیں۔
یہ تو ممکن ہی نہیں تھا کہ کھیل کے میدان اس قدر چھکوں، چوکوں کی آوازوں اور شائقین کی داد سے گونجیں اور سوشل میڈیا تک اس کی بازگشت نہ پہنچے جس کا سلسلہ میچ کے دوران ہی شروع ہو گیا تھا۔
ہر لگتے چھکے کے ساتھ ٹوئٹر صارفین کو اعظم خان کے والد معین خان بھی یاد آتے رہے اور بہت سے صارفین نے لکھا کہ ’جیسا باپ ویسا بیٹا۔‘

میچ کے بعد کرکٹ پاکستان کے ہینڈل سے پوسٹ شیئر کی گئی جس میں اعظم خان کی اننگز کا ذکر ہونے کے علاوہ سرفراز احمد اور اعظم خان کی تصویر بھی شامل تھی جس میں سرفراز اعظم خان کی طرف انگلی کا اشارہ کر رہے ہیں اور نیچے لکھا ہوا ہے ’ہمارے اپنے اعظم خان ہی ہمیں مارے جا رہے ہیں۔‘
کرکٹ شائق جانز نے اعظم خان کی فاتحانہ تصویر شیئر کرتے ہوئے یاد دلایا کہ انہوں نے جس ٹیم کے خلاف زبردست بیٹنگ کی ہے اس کے کوچ ان کے والد معین خان ہیں۔

ایک اور صارف نے K کے ہینڈل نے ازراہ تفنن کچھ الگ ہی انداز اپنا اور ایک زور سے روتی ہوئی بچی کی تصویر لگاتے ہوئے ساتھ مطالبہ کیا کہ ’اعظم خان کی سینچری چاہیے۔‘
 

چیکو نے ایک نئے نکتے کی اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’زبردست، جو لوگ وزن کے معاملے پر ان پر تنقید کرتے تھے انہوں نے اپنی کارکردگی سے ان کے منہ بند کر دیے ہیں۔‘

حماد مرزا نے اداس بیٹھے مرد اور خاتون کی تصویر شیئر کرتے ہوئے صورت حال کی تصویرکشی کچھ یوں کی۔ ’اعظم خان کی بیٹنگ کے بعد اسلام آباد کے شائقین کا حال‘

لاہوری گائے نے سوریاونشم فلم کے جذباتی منظر کی ویڈیو ڈالی جس میں والد بیٹے کی طرف کاغذات پھینکتے ہوئے گھر چھوڑ جانے کا کہتے ہیں۔
انہوں نے ساتھ لکھا کہ ’اعظم خان ایک بار گھر پہنچے، ان کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہو گا۔‘

زوبیہ نے اعظم خان کو مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے خوف کی علامت کے طور پر پیش کرتے ہوئے ایک ایسی تصویر شیئر کی جس میں شاداب خان اور ایک اور کھلاڑی سر اور منہ پر ہاتھ رکھے کافی خوفزدہ دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے ساتھ لکھا کہ ’اعظم خان کو دیکھنے کے بعد۔‘

سید حیدر نے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ ’معین خان اعظم خان کی بیٹنگ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے۔‘  

 

شیئر: