Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے عدلیہ، میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی تقسیم کر دیا: بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام سے غیرجمہوری قوتیں فائدہ اٹھاتی ہیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے نہ صرف سیاست بلکہ عدلیہ، میڈیا اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی تقسیم کر دیا ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو انصاف فراہم کرنے والے ادارے آپس میں لڑ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت ملک میں سنگین بحرانوں سے گزر رہا ہے۔ ’ملک اس وقت جس طرح بحرانوں سے گزر رہا ہے پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔ ‘
’پاکستان جس امتحان سے گزر رہا ہے ہمارے پاس کافی وقت نہیں۔ اس وقت دہشت گردی سر آٹھا رہی ہے اور ہم آپس میں لڑ رہے ہیں جس سے دہشت گرد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔‘
وزیر خارجہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو عدم اعتماد کے آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔ ’مگر عمران خان نے ذاتی مفاد کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچایا، ان کی نااہلی سے ملک کو نقصان پہنچا۔‘
انہوں نے الزام لگایا کہ سابق وزیراعظم نے اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی۔ ’گزشتہ حکومت کے غلط فیصلوں کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں، انہوں نے اداروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں عام آدمی کے لیے الگ اور مقدس گائے والے کے لیے الگ قانون ہے۔ ’کرپشن ہر جگہ ہے، پارلیمان اور عدلیہ میں بھی ہے۔‘
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ 73 کا آئین عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے، آئین ہم نے بنایا ہے ہم ہی دفاع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام سے غیرجمہوری قوتیں فائدہ اٹھاتی ہیں۔
’دہشت گرد اندرونی عدم استحکام کا فائدہ اٹھاتے ہیں، آج مسائل کا حل نکالنے کی کوشش نہیں کریں گے تو بحران کا سامنا کرنا پڑے گا، تمام موجودہ مسائل کا حل آئین میں موجود ہے، ہم سب کو مل بیٹھ کا مسائل کا حل نکالنا ہوگا، آج پاکستان کے عوام پارلیمان اور عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔‘

شیئر: