Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیل بھرو تحریک، زُلفی بخاری اور فیاض چوہان گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل

تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں لاہور اور پشاور کے بعد راولپنڈی میں بھی پارٹی کے رہنما اور کارکن رضاکارانہ گرفتاریاں دے رہے ہیں۔
جمعے کو پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں زلفی بخاری ،صداقت علی عباسی ،میجر لطاسب ستی، فیاض الحسن چوہان، واثق قیوم اور اعجاز خان اعجازی کو گرفتار ک رکے اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ کثیر تعداد میں ورکرز موجود ہیں۔
اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان کے مطابق جمعے کو راولپنڈی کے کمیٹی چوک میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔
گزشتہ روز پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی قیادت اور کارکنوں نے تین گھنٹے سینٹرل جیل پشاور کے باہر احتجاج کیا مگر کسی نے گرفتاری نہ دی۔ 
’جیل بھرو تحریک‘ کے سلسلے میں جمعرات کو پشاور میں گرفتاری دینے کا اعلان کیا گیا تھا مگر دن بھر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے بعد پی ٹی آئی قیادت میں سے کسی نے گرفتاری دی اور نہ ہی پولیس نے ان پر ہاتھ ڈالا۔
بدھ سے شروع ہونے والی پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے پہلے مرحلے میں لاہور میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں نے کارکنوں کے ہمراہ چیئرنگ کراس پر احتجاج کیا تھا۔
اس دوران پارٹی کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی پولیس کی قیدیوں کو لے جانے والی گاڑی (پریژن وین) میں بیٹھ گئے تھے جن کو بعد ازاں جیل منتقل کیا گیا۔
صوبائی حکومت نے شاہ محمود قریشی کو 30 دن کے لیے نظربند کرنے کے احکامات جاری کیے۔
شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے اپنے والد کی حراست کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس کی جمعے کو سماعت ہوئی۔

شیئر: