ہروب لگنے کے ایک ہفتے بعد کفالت تبدیل کرائی جا سکتی ہے؟
ہروب لگنے کے ایک ہفتے بعد کفالت تبدیل کرائی جا سکتی ہے؟
منگل 28 فروری 2023 0:05
ھروب فائل ہونے کے 15 دن کے اندر اسے کینسل کرایا جا سکتا ہے( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے قانون کے مطابق جس غیرملکی کارکن کا ہروب فائل کیا گیا ہو۔ اسے 15 دن کےاندرکینسل نہ کرانے کی صورت میں کارکن کی فائل سیز کردی جاتی ہے۔
وزارت افرادی قوت کے قانون میں کسی بھی غیرملکی کارکن کا آجر کے پاس سے فرار ہونا سنگین کاروباری جرم تصورت کیا جاتا ہے۔
ہروب کے حوالے سے جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا ’ اگر ہروب لگے ہوئے 7 دن ہوئے، اس صورت میں کینسل کرانے کے بعد کفالت کی تبدیلی کرائی جاسکے گی؟‘۔
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’کارکن کا ہروب فائل ہونے کے 15 دن کے اندرکفیل اپنے ابشریا مقیم پلیٹ فارم کے ذریعے اسے کینسل کراسکتا ہے‘۔
ہروب کینسل کرانے کے لیے ابشرپلیٹ فارم پرکسی قسم کی دشواری کا سامنا کرنے کی صورت میں پلیٹ فارم پرموجود ’تواصل‘ سروس سے استفادہ کیاجاسکتاہے۔
مقررہ مدت جو کہ 15 دن کی ہوتی ہے اس دوران ہروب کینسل کرانے کے بعد جوازات کے سسٹم میں کارکن کے اقامہ پرعائد تمام پابندیاں ختم ہوجاتی ہیں جس کے بعد کارکن کی کفالت تبدیل کرانے کے لیے درخواست تواصل سروس کے ذریعے اپ لوڈ کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی جسے ماضی میں وزارت محنت کہا جاتا تھا کے قانون کے تحت غیرملکی کارکنان کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے کفیلوں یعنی اسپانسرز کے پاس ہی کام کریں۔
قانون کے مطابق اسپانسرکے پاس کام نہ کرنا اوران کے پاس سے فرار ہوجانا جرم ہے جس پراسپانسر کو یہ حق ہے کہ وہ کارکن کی جانب سے اپنی ذمہ داری ختم کرنے کے لیے اس کا ہروب فائل کردے۔
ہروب فائل کرنے کے بعد اگرکارکن کسی قسم کے غیرقانونی عمل کا مرتکب ہوتا ہے تو اس صورت میں کفیل اسکا ذمہ دار نہیں ہوگا۔
جس غیرملکی کارکن کا ہروب فائل کیاجاتا ہے جوازات کے سسٹم میں اسکا فائل کو سیز کردیاجاتا ہے جس کے بعد سرکاری اداروں میں اسکے تمام معاملات روک دیئے جاتے ہیں۔
ہروب فائل کیے جانے کے 15 دن کے اندر اسے کینسل کرنا آسان ہوتا ہے تاہم مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد ہروب کینسل کرانا قدرے مشکل ہوجاتا ہے جس کے لیے وزارت افرادی قوت میں کارکن کو یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ اس کے خلاف لگایا گیا ہروب غلط تھا۔
اپنے دعوی کوثابت کرنے کےلیے کارکن کو ہروب فائل کیے جانے سے قبل اوربعد کی حاضری اوردیگرثبوت وزارت کوپیش کرنے ہوتے ہیں جس کی روشنی میں وزارت افرادی قوت کی جانب سے ہروب کوکینسل کیاجاسکتا ہے۔
مقررہ مدت کے دوران ہروب کینسل کرانے کے بعد اگر کارکن کفالت تبدیل کرانے کا خواہاں ہوتو کارروائی نارمل انداز میں کی جائے گی۔
کفالت کی تبدیلی کے لیے نئے ادارے یا انفرادی کفیل کی جانب سے تیارکیے گئے معاہدے کو وزارت افرادی قوت کے پورٹل ’قوی‘ پرنئے ملازمت کے معاہدے کو اپ لوڈ کیاجائے جسے فریقین کی جانب سے منظورکرنے کے بعد قوی پورٹل پراس کی تصدیق کی جائے گی بعدازاں کفالت کی تبدیلی کے مرحلے کا آغاز کیاجائے گا۔