پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف مستعفی
31 سالہ آل راؤنڈر نے 2006 میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے استعفی دے دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے منگل کی رات گئے ٹوئٹر پر کپتان بسمہ معروف کے استعفے کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔‘
نجم سیٹھی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’بسمہ معروف اپنی جگہ کسی نوجوان کھلاڑی کو ٹیم کی قیادت کا موقع دینا چاہتی ہیں۔‘
’تاہم وہ پاکستانی ٹیم کے لیے بطور کھلاڑی کھیلتی رہیں گی اور ملک کے لیے اعزازات لائیں گی۔‘
31 سالہ آل راؤنڈر نے 2006 میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی اور 13 دسمبر کو انڈیا کے خلاف پہلا ون ڈے میچ کھیلا۔
وہ 124 ایک روزہ اور 132 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی بسمہ معروف پاکستان کی جانب سے ون ڈے میچز میں ایک ہزار رنز بنانے والی پہلی کھلاڑی ہیں۔
یاد رہے کہ بسمہ معروف کو جنوری 2020 میں ثنا میر کی جگہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی۔