مکہ مکرمہ ...... مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ اسامہ خیاط نے واضح کیا ہے کہ اگر مسلمان عظمت رفتہ کی بحالی چاہتے ہیں تو سلف صالحین کا طریقہ اپنائیں۔ ایسا کرینگے تو شاندار ماضی کی طرح مستقبل بھی روشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان آزمائش کی گھڑی میں اپنے مسلم بھائی کو بے یارو مدد گار چھوڑنے کا مجاز نہیں۔ مصیبت میںپھنسے مسلمان کی مدد واجب ہے جو لوگ آزمائش کی گھڑی میں مسلم بھائیوں کو تن تنہا چھوڑ دیتے ہیں وہ ایک طرح سے اسلامی اخوت کے حقوق کے منکر بن جاتے ہیں۔ ساتھ ہی دین کے دشمنو ںکو مسلمانوں کی حرمتیں پامال کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ امام حرم نے ایمان افروز روحانی ماحول میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے استدلال کرتے ہوئے کہاکہ ایک مومن دوسرے مومن کیلئے تعمیر میں استعمال ہونے والی اینٹ کی طرح ہوتا ہے۔ ایک اینٹ دوسری اینٹ کو تقویت پہنچاتی ہے۔ امام حرم نے خبردار کیا کہ نعمتوں سے نہال مسلمان یاد رکھیں کہ وقت بدلنے میں دیر نہیں لگتی۔ اللہ تعالیٰ کے لئے نعمتوں سے آسودہ زندگی گزارنے والوں کو فقر و فاقہ کی زندگی گزارنے پر مجبور کردینا کوئی مشکل کام نہیں۔ امام حرم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے تعلق کی بنیاد دینی عقیدے او ر مذہبی اخوت کو بنایا ہے۔ دوسری جانب مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ صلاح البدیر نے جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان رمضان المبارک کے دوران بلاوجہ سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے عصر حاضر میں ماہ مبارک کے دوران رائج منفی رسم و رواج پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ روزہ داروں کو افطارکرانے کے چکر میں بے حد و حساب روٹیاں، کھجوریں اور کھانے پینے کی دیگر اشیاءتقسیم کرتے ہیں۔ یہ درست نہیں۔ اسکا نتیجہ کھانے پینے کی اشیاءکچرے کے ڈبوں میں پھینکے جانے کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔ یہ فضول خرچی ہے۔ اسراف سے بچا جائے۔ روزہ داروںکو افطار کرانا اچھی بات ہے اسکا اہتمام ہو لیکن افطار کے نام پر فضول خرچی بند کی جائے۔ امام البدیر نے کہاکہ فرزندان اسلام نعمتوں کے عالم میں کشمکشوں، لڑائی جھگڑوں، قحط سالیوں اور برے حالات سے دوچار ناداروں اور غریبوں کو یاد رکھیں۔ انکے مسائل حل کرنے کی فکر کریں۔