Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تعلقات میں سرحدی تنازعے کو مناسب جگہ دیں، چین کا انڈیا سے مطالبہ

چین نے انڈیا کے ساتھ براہ راست پروازوں کی بحالی کا بھی عندیہ دیا ہے۔ فوٹو: اے پی
چین نے کہا ہے کہ انڈیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں سرحدی تنازعے کو مناسب مقام دیتے ہوئے حالات کو بہتر کرنا چاہیے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے نیو دہلی میں اپنے ہم منصب جے شنکر سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’دو طرفہ تعلقات میں ہمیں سرحدی مسئلے کو مناسب جگہ دینی چاہیے اور سرحد پر صورتحال کو نارمل کرنے کی جانب لے جانا چاہیے۔‘
جمعے کو چینی دفتر خارجہ نے جاری بیان میں جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے حوالے سے کہا کہ ’رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے معاملات پر دونوں اطراف کو عمل درآمد کرنا چاہیے، بات چیت جاری رکھنی چاہیے، اختلافات ختم کرنے چاہیے اور جلد از جلد دو طرفہ تعلقات میں بہتری کو فروغ دیتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔‘
بیان کے مطابق وزیر خارجہ چن گانگ نے کہا کہ ’انڈیا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ، براہ راست پروازیں جلد از جلد شروع کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان لوگوں کے تبادلے کو بڑھانے کے لیے چین تیار ہے۔‘
خیال رہے کہ کورونا کی وبا کے باعث مارچ 2020 سے انڈیا اور چین کے درمیان براہ راست پروازوں کا سلسلہ معطل ہے۔
چین نے حال ہی میں کورونا سے متعلق پابندیاں اٹھاتے ہوئے بنگلہ دیش اور پاکستان کے لیے پروازیں بحال کر دی ہیں تاہم انڈیا کے لیے ابھی تک بند ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے بھی پروازیں اب تک بحال نہیں ہو سکی ہیں۔
جنوری 2020 میں لداخ کی وادی گلوان میں پیش آنے والے واقعے کے بعد سے انڈیا اور چین کے درمیان تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں سے 20 انڈین جبکہ چار چینی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
انڈین میڈیا کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں انڈین وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کو سرحدی تنازعے سے متعلق نیو دہلی کا موقف واضح الفاظ میں بیان کیا۔
وزیر خارجہ جے شنکر نے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ 45 منٹ طویل ملاقات کے دوران گفتگو کا زیادہ حصہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ حالات پر وقف تھا جو ان کی نظر میں نارمل نہیں ہیں۔

شیئر: