Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی آڈیو لیک، فواد چوہدری اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کا مؤقف مختلف؟

فواد چوہدری نے کہا کہ اُن کے نام سے جعلی آڈیو پھیلائی گئی ہے۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور اُن کے بھائی فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کی مبینہ آڈیو لیک پر سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر بات کی جا رہی ہے۔
جمعے کی صبح آڈیو لیک آنے کے بعد سپریم کورٹ میں فیصل چوہدری ایڈووکیٹ سے پوچھا گیا کہ کیا اُن کی آڈیو جعلی ہے؟
اُن کا ہنستے ہوئے جواب تھا کہ ’میں تو خود کو بہت اہم سمجھتا ہوں۔ میری تو موجیں لگ گئی ہے۔ اب میں اپنی فیس بڑھا دیتا ہوں۔‘
اُن سے پوچھا گیا کہ اس کا مطلب ہے کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ اُن کی آڈیو اصل ہے۔ اس پر فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے قہقہہ لگایا۔ اور کہا کہ ’پتا نہیں کیا ہے۔‘
آڈیو لیک میں فواد چوہدری اور ان کے بھائی اعلیٰ عدلیہ کے دو ججز اور کسی ٹرک کی بھی بات کر رہے ہیں۔
ایک سوال پر کہ یہ کون سا ٹرک ہے جس کی بات لیک آڈیو میں ہو رہی ہے، فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ ’ہمارے پاس ٹرک نہیں ہوتے جن کے ہوتے ہیں اُن سے پوچھیں۔‘
اس سے قبل فواد چوہدری نے آڈیو لیک پر اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’ایک اور جعلی آڈیو میرے نام سے مارکیٹ میں پھینک دی گئی ہے۔ اس آڈیو کا میرے سے کوئی تعلق نہیں۔‘
وزیراعظم کے مشیر عطا تارڑ نے گوجرانوالہ میں صحافیوں سے گفتگو میں آڈیو لیک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ کس چیز کا ٹرک ہے۔ ’لیک کی گئی آڈیوز سے واضح ہوتا ہے کہ جھکاؤ ایک طرف ہے۔‘
سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد آڈیو ریکارڈنگ کی مذمت کرنے کے ساتھ ان کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کر رہی ہے۔

شیئر: