Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعظم خان کی شاندار بیٹنگ، اسلام آباد نے کراچی کو ہرا دیا

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے 19 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔
202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا، لیکن اعظم خان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے 41 گیندوں پر چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گر گئی۔ کولن منرو 11 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ایلکس ہیلز نے 16 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے جس کے بعد وہ عامر یامین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
ان کے بعد راسی وین ڈرڈوسن نے 22 رنز بنائے اور تبریز شمسی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ فہیم اشرف 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بیٹنگ کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گر گئی۔ شرجیل خان آٹھ رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
ان کے بعد طیب طاہر آئے مگر وہ بھی صرف 19 رنز بنا سکے اور ٹام کرن کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ ایڈم روسنگٹن بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور حسن علی کا شکار بن گئے۔
شعیب ملک نے 12 رنز ہی بنائے تھے کہ انہیں فہیم اشرف نے بولڈ کیا۔ عرفان خان نے 20 گیندوں پر 30 رنز بنائے جس کے بعد وہ ٹام کرن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 92 اور میتھیو ویڈ 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

عماد وسیم 92 اور میتھیو ویڈ 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹام کرن نے دو، جبکہ رومان رئیس، حسن علی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز الیون
عماد وسیم (کپتان)، ایڈم روسنگٹن، میتھیو ویڈ، شرجیل خان، طیب طاہر، شعیب ملک، عرفان خان، اینڈریو ٹائے، عامر یامین، محمد عامر، تبریز شمسی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ الیون
 شاداب خان (کپتان)، کولن منرو، ایلکس ہیلز، راسی وین ڈرڈوسن، اعظم خان، آصف علی، مبشر خان، فہیم اشرف، ٹام کرن، حسن علی، رومان رئیس۔

شیئر: