پی ایس ایل: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 110 رنز سے ہرا دیا
پی ایس ایل: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 110 رنز سے ہرا دیا
پیر 27 فروری 2023 19:02
عبداللہ شفیق 45، فخر زمان نے 36، سام بلنگز نے 33 سکندر رضا 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے 16 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 110 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے دیے گئے 201 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی پوری ٹیم 14 ویں اوور میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو 18 اور رحمان اللہ گرباز 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اسلام آباد کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں ہی داخل نہیں ہوسکے۔
قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزے نے تین، راشد خان اور سکندر رضا نے دو دو، جب کہ زمان خان اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقرررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 45، فخر زمان نے 36، سام بلنگز نے 33 سکندر رضا 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز مرزا بیگ اور فخر زمان نے کیا۔ قلندرز کی پہلی وکٹ 58 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب مرزا بیگ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قلندرز کو دوسرای نقصان فخر زمان کی صورت مین اٹھانا پڑا جب وہ 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
لاہور کی تیسری وکٹ 133 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب عبداللہ شفیق 45 رنز بنا کر ٹام کرن کا شکار بنے۔
140 کے مجموعی سکور پر لاہور کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب حسین طلعت چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سام بلنگز 33 رنز بناکر 146 رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن نے تین، شاداب خان نے دو اور ابرار احمد اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز 4 میچز میں سے 3 جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 4 میچز میں سے 3 میچز جیت کر بہتر رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے نمبر پر ہے۔