’ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کا کلیدی کردار ہے‘
’ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کا کلیدی کردار ہے‘
ہفتہ 4 مارچ 2023 6:31
جان کیری نے ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں عرب ممالک کے کردار کو سراہا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات جان کیری نے کہا ہے کہ موسمیاتی اور سمندری تبدیلیوں کے باعث ماحول کے لیے خطرات برقرار ہیں تاہم اس حوالے سے انہوں نے اقوام متحدہ کی کاوشوں اور عرب ممالک کی مدد کو سراہا۔
عرب نیوز کے مطابق سال 1995 سے اقوام متحدہ کے تحت ہر سال ماحولیاتی کانفرنس ’کوپ‘ کا انعقاد ہوتا ہے جس میں سے چار کانفرنسز عرب ممالک میں منعقد ہو چکی ہیں۔
اس سال کوپ 28 دبئی میں منعقد ہوگی جس کا ذکر امریکی نمائندہ خصوصی جان کیری نے بھی کیا۔
جان کیری نے اقوام متحدہ کے علاوہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے ملنے والی حمایت کو سراہا۔
’گزشتہ سال عرب امارات میں ماحول اور حیاتیاتی ایندھن کے مسائل پر پہلی علاقائی کانفرنس منعقد ہوئی تھی جس میں 11 علاقائی ممالک نے شرکت کی تھی۔‘
جان کیری نے کہا کہ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری ہوا تھا جس میں عالمی درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری کی سطح پر رکھنے، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی اور 2030 تک کرنے والے اقدامات پر زور دیا گیا۔
’عرب امارات خود بھی اپنی موجودہ کوششوں کا ایک بہت بڑا حصہ قابل تجدید ذرائع کی تحقیق اور ترقی پر خرچ کر رہا ہے۔‘
جان کیری نے کہا ’میں جانتا ہوں کہ سعودی عرب ایک بہت بڑا سولر فیلڈ تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو گرین ہائیڈروجن پیدا کرے گا۔ جبکہ بحرین، کویت اور دیگر ممالک بھی اس حوالے سے سوچ رہے ہیں۔‘
امریکی نمائندہ خصوصی نے ماحولیاتی خطرات کا ذکر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مزید کرنے کی ضرورت ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کی حقیقت ماضی کی تہذیبوں کے مٹنے کا بھی سبب بنی۔
انہوں نے کہا کہ ٹھوس شواہد موجود ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں دنیا نے اہم موقعے کھوئے۔
’درجہ حرارت بڑھنے کے باعث سمندی برف غائب ہو رہی ہے، آلودگی اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث مونگے کی چٹانیں یا کورل ریفز ختم ہو رہی ہیں، آرکٹک اور انٹارکٹک میں درجہ حرات نمایاں طور پر بڑھ رہا ہے۔‘
جان کیری نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے معاملے پر عرب ممالک کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ممالک کی شمولیت انتہائی اہم ہے جو تیل اور گیس سے واقف ہیں اور اپنی کمیونٹی میں اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔