ماحولیاتی تبدیلی پر مزید بین الاقوامی اقدامات ضروری: عادل الجبیر
ماحولیاتی تبدیلی پر مزید بین الاقوامی اقدامات ضروری: عادل الجبیر
ہفتہ 18 جون 2022 5:11
عادل الجبیر نے فورم میں سعودی وفد کی قیادت کی۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ و رکن کابینہ و ایلچی برائے امور ماحولیات عادل الجبیر نے توانائی اور ماحولیات سے متعلق اکنامک فورم میں شرکت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنس یایس پی اے کے مطابق عادل الجبیر نے سعودی وفد کی قیادت کی۔ فورم کا افتتاح امریکی صدر جو بائیڈن نے کیا۔
عادل الجبیر نے ویڈیو کال کے ذریعے فورم سے خطاب میں ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید بین الاقوامی اقدامات پر زور دیا ہے۔
سعودی وزیر نے فورم کی میزبانی پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’فورم کا اہتمام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دنیا ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مشترکہ اور موثر بین الاقوامی تحریک پر سنجیدگی سے کام کیا جائے۔ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ کم ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھا جائے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کی پالیسیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے کم ترقی پذیر ملکوں کی مدد کی جائے۔‘
عادل الجبیر نے اپنے خطاب میں ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب کی کوششوں کا جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ’سعودی عرب ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی اقدامات کر رہا ہے۔ پائیدار ترقی کے ذریعے چیلنجوں کے حوالے سے سعودی وژن 2030 کو بروئے کار لا رہا ہے‘۔
الجبیر نے کہا کہ ’سعودی عرب آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنے کی خاطرعلاقائی و بین الاقوامی ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے سلسلے میں سب سے تعاون کیا جا رہا ہے‘۔