زائرین حرم کی خدمت کے لیے سمارٹ روبوٹ
روبوٹ زائرین کو مختلف زبانوں میں احکام سے متعلق معلومات بھی دیتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے زائرین کی سہولتوں میں اضافے کے لیے سمارٹ روبوٹ اور ڈیجیٹل پورٹل لانچ کر دیے ہیں۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان المبارک اور حج سیزن میں زائرین کی کثیر تعداد کے پیش نظرمصنوعی ذہانت پر منحصرخدمات میں اضافہ کیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے ایسے روبوٹ کا بندوبست کیا گیا ہے جو زائرین حرم میں تحائف تقسیم کرے گا۔ روبوٹ میں انتہائی حساس سکرین اور سپیکرز نصب ہیں جن میں ضرورت کے تحت تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
سمارٹ روبوٹ کو تصادم سے بچانے کے لیے سہ جہتی سسٹم کا پروگرام فیڈ کیا گیا ہے۔ حرمین کی انتظامیہ نے ایک ایسا روبوٹ بھی مہیا کیا ہے جو زائرین کو خانہ کعبہ کا طواف، مقام ابرہیم پرنمازاور صفا و مروہ کی سعی سمیت مختلف امور کی انجام دہی سے متعلق امور کے احکام بیان کرتا ہے۔ علاوہ ازیں سوالات کے جواب بھی دیتا ہے۔
روبوٹ میں متعدد زبانوں کے فوری ترجمے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے ذریعے معتبرعلما سے آن لائن رابطے کی سہولت بھی موجود ہے۔
سیکرٹری سربراہ انتظامیہ برائے فنی اموروڈیجیٹل سروس انجینئروسام مقادمی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی پورٹل، ڈیجیٹل ایپ اور مصنوعی ذہانت پرمنحصر وسائل انتظامیہ کی آپریشنل سکیم کے نفاذ میں معاون ثابت ہو رہے ہیں جن سے مسجد الحرام کے زائرین کو طواف وسعی سمیت مختلف عبادتوں کی انجام دہی میں بھی سہولت مل رہی ہے۔