ریسٹورانٹس کے لیے تیار کیا گیا غیرمعیاری کھانا یہاں تیارہوتا تھا(فوٹو، ٹوئٹر)
طائف بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے ریسٹورانٹ کے لیے بنائے گئے غیرقانونی کچن کوسیل کردیا جہاں انتہائی غیرمناسب طریقے سے کھانا تیار کیا جاتا تھا۔
سبق نیوز کے مطابق طائف ریجن کی بلدیہ کی تفتیشی ٹیم نے سیل الکبیر کے شمالی علاقے کا دورہ کیا جہاں زیادہ ترفرنشڈ اپارٹمنٹس قائم ہیں جن میں مختلف شہروں سے آنے والے لوگ قیام کرتے ہیں۔
بلدیہ کی ٹیم کے ذمہ دار نے بتایا کہ علاقے کے ایک مکان میں غیرمعمولی طورپرلوگوں کی آمد رفت نوٹ کی گئی جس پرٹیم کے اہلکارمکان میں پہنچے تو معلوم ہوا کہ وہاں غیرقانونی طورپرکھانا پکانے کا انتظام کیاگیا تھا۔
مکان میں بنایا گیا کچن انتہائی غیرمعیاری تھا جہاں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گوشت اوراشیائے خورونوش کوانتہائی غلط طریقے سے اسٹور کیاگیاتھا جس سے وہ خراب ہوگئی تھیں۔
ٹیم کے ذمہ دار کا مزید کہنا تھا کہ غیرقانونی کچن میں قریبی ریسٹورانٹس کے لیے کھانا پکایا جاتا تھا مگرجو طریقہ ان غیرملکی کارکنوں نے اختیار کیا تھا وہ مکمل طورپرمضرصحت تھا۔
مکان جس میں کچن بنایا گیا تھا کوسیل کرکے غیرملکیوں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا جبکہ مکان سے برآمد ہونے والا غیرمعیاری گوشت اوراشیائے خورونوش کوتلف کردیا گیا۔