’ہر ڈرامے میں لپ سٹک اور گھنگھریالے بال‘، علیزے شاہ پر تنقید کیوں؟
’ہر ڈرامے میں لپ سٹک اور گھنگھریالے بال‘، علیزے شاہ پر تنقید کیوں؟
ہفتہ 11 مارچ 2023 8:09
قیصر کامران۔ کراچی
ڈرامہ ’پیارے افضل‘ کے بعد حمزہ علی عباسی اور آئزہ خان پھر سکرین پر ساتھ نظر آئیں گے۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
سوشل میڈیا پر کسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنانا تو معمول کی بات ہے لیکن اس ہفتے تو سینیئر اداکار بھی ساتھی اداکار پر تنقید کرتے نظر آئے اور نشانے پر اداکارہ علیزے شاہ تھیں۔
ڈراموں پر تبصروں پر مبنی ایک شو میں روبینہ اشرف نے میزبان کے ایک سوال پر کہا کہ ’علیزے کو ہر ڈرامے میں لپ سٹک اور گھنگھریالے بالوں کے ساتھ دیکھا جاتا ہے، یہاں تک کہ اگر ڈرامے میں سحری کا سین ہے تو اس کے لیے بھی میک اپ نہیں اُتارا جاتا۔‘
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اگر میں علیزے کو اپنے کسی ڈرامے میں کاسٹ کروں تو کم از کم کسی ایک ڈرامے یا سین میں تو اسے بغیر میک اَپ کے دکھاؤں گی۔‘
بات صرف روبینہ اشرف پر ہی ختم نہیں ہوتی بلکہ سینیئر ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’علیزے کو سوشل میڈیا سے زیادہ اداکاری پر توجہ دینی چاہیے۔‘
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی اداکار کی جانب سے علیزے شاہ پر تنقید کی گئی ہو اس سے قبل اداکار یاسر نواز، نوید رضا سمیت دیگر بھی اداکارہ پر تنقید کرچکے ہیں یہاں تک کہ اُنہیں اپنے ہیئر سٹائل، فیشن اور پہناووں کے باعث بھی سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اکثر و بیشتر مختلف سماجی موضوع پر تنقید کرنے والی پاکستان کی معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ اب کی خود تنقید کا شکار ہوگئی ہیں۔
ماریہ بی فیشن برانڈ کی کی جانب سے حال ہی میں ایک فیشن شوٹ کروایاگیا جس کے بہاولپور میں واقع عباسی خاندان کے قبرستان کا انتخاب کیا گیا تھا تاہم عباسی خاندان کے ایک فرد نے سوشل میڈیا پر اعتراض اٹھایا تو فیشن برانڈ کی جانب سے معافی نامہ جاری کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر معذرت جاری کرتے ہوئے برانڈ کی جانب سے کہا گیا کہ ’پروڈکشن ہاؤس نے بہاولپور میں ہمارے شاندار ثقافتی ورثے کو دکھانے کی کوشش کی تھی ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اس مقام پر قبریں موجود ہیں۔‘
’پیارے افضل‘ کے بعد حمزہ علی عباسی اور آئزہ خان پھر سکرین پر ساتھ
دیکھا جائے تو گزشتہ ایک ہفتے میں فلموں کے بجائے کئی نئے ڈراموں کے حوالے اعلان کیے گئے تاہم جس خبر نے مداحوں کو سب سے زیادہ خوش کیا وہ عائزہ خان اور حمزہ علی عباسی آنے والا نیا ڈرامہ تھا۔
پہلے یہ خبر آئی تھی حمزہ علی عباسی ڈرامہ ’جان جہاں‘ سے ڈھائی سال بعد انڈسٹری میں واپسی کر رہے ہیں لیکن مداح اس وقت زیادہ پُرجوش ہوئے جب یہ بتایا گیا کہ ڈرامے میں حمزہ کے ساتھ اداکارہ عائزہ خان نظر آئیں گی۔
شوبز کی اس آن سکرین جوڑی نے 10 برس قبل مقبول ڈرامہ ’پیارے افضل میں‘ ایک ساتھ کام کیا تھا جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا گیا تھا۔
عائزہ خان اس سال رمضان میں وہ اپنے شوہر دانش تیمور کے رومانٹک کامیڈی ڈرامہ ’چاند تارا‘ میں نظر آئیں گی۔
صائمہ اکرم چوہدری کا تحریر کردہ یہ ڈرامہ یکم رمضان سے ’چاند تارا‘ روازنہ پیش کیا جائے گا۔
رمضان میں ہی ایک اور ڈرامہ ’فیری ٹیل‘ بھی پیش کیا جائے گا جس میں اداکار احد رضا میر کے چھوٹے بھائی عدنان رضا میر نظر آئیں گے وہ اس ڈرامے کے ذریعے انڈسٹری میں ڈیبیو کریں گے۔
اداکارہ نوین وقار بھی اپنے نئے ڈرامہ ’داغ‘ کے ساتھ ٹی وی سکرین پر واپسی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ ڈرامہ عید الفطر کے بعد نشر کیا جائے گا جس میں ان کے ساتھ اداکار سلیم شیخ، گوہر ممتاز اور حسن نیازی بھی جلوے بکھیریں گے۔
دوسری جانب ان دنوں سجل علی کے ساتھ ڈرامہ ’ان کہی‘ میں نظر آنے والے اداکار بلال عباس اور درفشاں سلیم اپنے آنے والے پروجیکٹ ’عشق مرشد‘ میں ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔
عید پر ریلیز ہونے والی فلمیں
فلم کی بات کریں اس سال عید الفطر پر پانچ پاکستانی فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہونے جا رہی ہیں جن میں دیکھا جائے تو مداحوں کو سب سے زیادہ فیصل قریشی کی فلم ’منی بیگ گارنٹی‘ کا انتظار ہے۔
فلم منی بیگ گارنٹی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے میکال ذوالفقار کہتے ہیں کہ ’صرف میری دو فلمیں عید پر ایک ساتھ آرہی ہیں لیکن دونوں مختلف موضوع کی ہیں۔‘
اسی ہفتے اداکار عمران عباس کا پاکستانی فلموں سے متعلق ایک بیان وائرل ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ان کے خیال میں پاکستانی فلموں کی کہانیوں اور سکرپٹس پر ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔
ایک ویب شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار عمران عباس کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں حالیہ جتنی بھی فلمیں ریلیز ہوئیں ان فلموں کے 50 فیصد سکرپٹ میرے پاس موجود ہیں۔‘
جہاں عمران عباس کو لگتا ہے کہ ملک کی فلموں کو مزید کام کرنے کی ضرورت ہے وہیں متعدد ایوارڈز اپنے نام کرنے والی پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے ایک نیا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
فلم نے ’انڈیپنڈنٹ سپرٹ ایوارڈز‘ بہترین بین الاقوامی فلم ہونے کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ ’جوائے لینڈ‘ نے اپنے مدِ مقابل چار دیگر نامزدگیوں کو مات دے کر یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
انڈیا میں ’آئی ٹو آئی‘ کا ری میک
پاکستانی گانوں کی انڈیا میں مقبولیت کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ہردورمیں معروف گانے، ان کی دھنیں اور بعض اوقات تو پوری کی پوری میوزک ویڈیو ہی کاپی کر لی جاتی ہے۔
انڈیا کے معروف گلوکار جوبن نٹیال نے پاکستان کے منفرد گلوکار طاہر شاہ کا گانا ’آئی ٹو آئی‘ چوری کرکے اس کا ری میک بنایا ہے۔