Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسری پاکستانی فلم نور کے لیے کانز فیسٹیول میں ایوارڈ

تنقید سے تنگ آ کر اشنا شاہ نے اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ معطل کر دیا تھا۔ فوٹو: فیس بک اشنا شاہ
نیوز چینل کے ٹاک شوز میں یا سوشل میڈیا پر سیاستدان تو تنقید کی زد میں رہتے ہی ہیں لیکن اب یہ معاملہ ان تک محدود نہیں ریا بلکہ فنکار بھی اس کا شکار ہو جاتے ہیں۔
حال ہی میں اداکار سمیع خان کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا جب ایک پروگرام میں شرکت کے دوران وہاں موجود کامیڈین نے مذاق کے نام پر ان سے ایسے تلخ اور کڑوے سوالات کیے کہ ساتھی فنکاروں نے اسے مہمان کی بے عزتی قرار دیا۔
پروگرام کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو اس میں سمیع خان کو عاجزی سے کڑوے سوالات کے جواب دینے پر اداکار منیب بٹ، عائشہ عمر، ارمینہ رانا خان اور عائشہ ملک سمیت دیگر شوبز فنکاروں نے کامیڈین سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
چند دن پہلے گلوکار فرحان سعید نے حدیقہ کیانی کے فلاحی کام کی تعریف کرتے ہوئے اشنا شاہ پر ہونے والی تنقید پر آواز بلند اٹھائی تھی۔
فرحان سعید نے گلوکارہ حدیقہ کیانی کی سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کے اقدام کو سراہتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ ہمارے لوگ حدیقہ کی اتنی ہی تعریف کریں جتنا وہ کسی کو اس کی شادی پر ٹرول کرنا پسند کرتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے۔‘
حال ہی میں اداکارہ اشنا شاہ کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب ان کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
اپنے خلاف تنقید کا طوفان دیکھ کر اشنا نے پہلے تو ناقدین کو کھری کھری سُنائیں پھر دلبراشتہ ہوکر تصاویر وائرل کرنے والے فوٹوگرافر کو معاف کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان بھی کیا۔
اشنا شاہ نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی معافی مانگی اور کہا کہ مجھے میرے شادی کے جوڑے کے انتخاب کے لیے معاف کر دیں اور اس چیز کے لیے بھی کہ میں نے اپنی چیز کو اپنے تک رکھنا چاہا۔
دوسری پاکستانی فلم کانز فیسٹیول میں ایوارڈ نام کرنے میں کامیاب
پاکستانی فلم کے لیے اس ہفتے خوشی کی خبر یہ رہی کہ فلمی دنیا کے بڑے فیسٹیول کانز میں پاکستان کی مختصر فلم ’نور‘ ایوارڈ جیتے میں کامیاب ہوگئی۔
عینک اور بینائی سے متعلق جڑی فرسودہ روایات اور پاکستانی سماج کے عام افراد کی سوچ پر بنائی گئی مختصر فلم نور دوسری پاکستانی فلم ہے جس نے کانز ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل تنازع کا شکار ہونے والی فلم جوائے لینڈ نے کانز فیسٹیول میں ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
نور فلم کی کہانی کچھ ایسی دقیانوسی روایات پر مبنی ہے جو اس سوچ کو پروان چڑھاتی ہیں کہ چشمہ پہننے سے لڑکیوں کی شخصیت متاثر ہوتی ہے، وہ عمر میں بڑی دکھائی دیتی ہیں لہٰذا ان کے لیے اچھے رشتے بھی نہیں آتے۔
دوسری جانب تقریباً ہر سال پاکستانی شائقین کو عید کے موقع پر فلم کا تحفہ دینے والے معروف اداکار ہمایوں سعید کی اس سال کوئی فلم ریلیز نہیں ہونے جا رہی ہے۔
ہمایوں سعید اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ ایک نئے پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں۔ فلم بن رائے کی جوڑی ندیم بیگ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’لو گرو‘ میں ایک بار پھر ایک ساتھ دکھائی دے گی۔ 
میزبان و اداکار واسع چوہدری کی تحریر کردہ اس فلم کی شوٹنگ ممکنہ طور پر رواں برس جون میں شروع ہوگی جبکہ 2024 کے آغاز میں فلم سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
میزبان واسع چوہدری کا ذکر آہی گیا ہے تو یہ بھی بتاتے چلیں کہ ان ہی کے نیوز چینل پر ٹاک شو کے میزبان اور سینیئر صحافی کامران شاہد کی لکھی ہوئی فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ بھی عید الفطر کے موقع پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔
سنہ 1971 کے حقیقی سانحے پر مبنی پر فلم کے میوزک لانچ  کی تقریب میں کامران شاہد نے کہا تھا کہ یہ کوئی پراپیگنڈہ فلم نہیں، نا یہ کسی بھارتی فلم کا جواب ہے۔
تقریب میں شریک اداکار فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ اس وقت اس فلم کا بننا انتہائی اہم ہے تاکہ نوجوان نسل کو تاریخ میں دی جانے والی قربانیوں کا علم ہوا۔
فیصل قریشی سے متعلق ایک خبر سامنے آئی ہے کہ ان کی صاحبزادی حنیش قریشی نے دی ڈارک امیج (ٹی ڈی آئی فلمز) کی جانب سے یوٹیوب چینل کے لیے بنائی گئی مختصر ٹیلی فلم (نقاب) سے اداکاری کا آغاز کر دیا ہے۔
حمزہ عباسی کی واپسی اور ماریہ بی کی ’سرِ راہ‘ پر تنقید
اس ہفتے پاکستانی ڈراموں کے شائقین کی خوشی میں اس وقت اضافہ ہوا جب ڈھائی سال قبل شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کرنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے جلد ہی ریلیز ہونے والے اپنے نئے ڈرامے کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے شوبز انڈسٹری میں واپسی کا اعلان کیا۔
حمزہ عباسی ڈرامہ جان جہاں میں مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جبکہ لکھاری ردا بلال کے لکھے ڈرامے کی ہدایت کاری قاسم علی مرید کریں گے۔
جہاں حمزہ عباسی کی ٹی وی سکرین پر واپسی سے مداح خوش ہیں وہیں صنم سعید کے مداح بھی خوش ہوئے جب اداکارہ کے حوالے سے خبر سامنے آئی کہ وہ جلد صبور علی کے ساتھ ٹی وی سکرین پر نظر آئیں گی۔
صنم سعید کچھ عرصے سے زیادہ کام کرتی دکھائی نہیں دے رہیں، وہ آخری بار فلم عشرت میڈ ان چائنا میں نظر آئی تھیں۔
ٹی وی سکرین پر واپسی کی بات کریں تو کچھ عرصے سے سکرین سے غائب اداکارہ علیزے شاہ نے بھی اپنے نئے ڈرامے محبت کی آخری کہانی کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا ہے جس میں ان کے ساتھ اداکار سمیع خان اور شہزاد شیخ نظر آئیں گے۔

اداکار سمیع خان کی حمایت میں اکثر شوبز شخصیات نے آواز اٹھائی۔ فوٹو: سمیع خان انسٹا

ایک طرف جہاں کئی نئے ڈرامے بننے جا رہے ہیں وہیں پاکستان کی معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے ایک بار پھر ان دنوں نشر ہونے والے صبا قمر اور منیب بٹ کے ڈرامے سرِ راہ پر تنقید کے نشتر چلا دیے۔
ماریہ بی نے سر راہ کا ایک ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اب پاکستانیوں کے جاگنے کا وقت آگیا ہے، کیونکہ ڈرامے میں دکھائی جانے والی گفتگو سے واضح ہے کہ ٹرانسجینڈر ایجنڈے کو مغرب کی طرف سے پاکستان پر تھوپا جا رہا ہے۔
کہانی سنو ٹاپ 10 گلوبل ویڈیوز میں شامل
میوزک کی دنیا میں پاکستانی گلوکار کیفی خلیل اپنا لوہا منوانے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ان کا گانا ’کہانی سنو‘ یوٹیوب کی ٹاپ 10 گلوبل ویڈیوز میں شامل ہو چکا ہے۔
یہ گانا گزشتہ برس ریلیز ہوا تھا اور آئمہ بیگ نے بھی اسے اپنی آواز میں گایا تھا لیکن سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا سامنا رہا تھا۔
حالانکہ گلوکارہ آئمہ بیگ نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ کیفی خلیل نے انہیں فون کر کے کہا تھا کہ آئمہ کے گانے کے بعد لوگ اس گانے کو مزید جاننے لگے ہیں۔
بہر حال شائقین کسی بھی گانے کو پسند یا ناپسند کرنے کا پورا حق رکھتے ہیں۔ جیسے اس ہفتے لوگوں نے جہاں علی ظفر کے نئے گانے ’راتی چن‘ کو پسند کیا وہیں اداکارہ و گلوکارہ حرا مانی کے گانے ’یاریاں‘ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس ناپسند بھی کیا۔

شیئر: