سعودی آرامکو کو 46 فیصد اضافے کے ساتھ 161 ارب ڈالر کا خالص منافع
2022 میں آرامکو کی کل آمدنی 49 فیصد اضافے کے ساتھ دو ٹریلین سعودی ریال ہو گئی۔ (فوٹو: شٹرسٹاک)
دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی سعودی آرامکو کا خالص منافع 46.46 فیصد اضافے کے ساتھ 604.01 ارب سعودی ریال (161 ارب ڈالر) تک پہنچ گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے سعودی سٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی معلومات کے مطابق تیل کی قیمتوں میں اضافے، زیادہ تعداد میں فروخت اور زیادہ منافع کی وجہ سے سعودی آرامکو کا حالص منافع 604.01 ارب سعودی ریال (161 ارب ڈالر) تک پہنچ گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سنہ 2021 میں سعودی آرامکو کا مجموعی خالص منافع 412.4 ارب سعودی ریال تھا۔
ریاض میں قائم فرم کے مطابق 2022 میں کمپنی کو622.63 ارب سعودی ریال کی آمدن ہوئی ہے جو 2021 کے مقابلے میں 48.15 فیصد زیادہ ہے۔
مالیاتی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے آرامکو کے صدر اور سی ای او امین ایچ ناصر نے کہا ’آرامکو نے 2022 میں ریکارڈ مالیاتی کارکردگی پیش کی، کیونکہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔‘
سعودی اسٹاک ایکسچینج، جسے تداول بھی کہا جاتا ہے، میں جمع کروائے گئے بیان کے مطابق منافع میں اضافے کے ساتھ سعودی آرامکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی 2022 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے 73.15 ارب سعودی ریال کے کل نقد منافع کا اعلان کیا، جو کہ گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں چار فیصد زیادہ ہے۔
آرامکو کے مطابق شیئر ہولڈرز کو نقد منافع (کیش ڈیویڈنڈ) 2023 کی پہلی سہ ماہی میں ادا کیا جائے گا جبکہ بونس شیئرز اہل شیئر ہولڈرز کو دیے جائیں گے۔
آرامکو کے سی ای او نے مزید کہا کہ فرم کے اخراجات 2022 میں 18 فیصد بڑھ کر 141.19 ارب سعودی ریال تک پہنچ گئے۔