Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں رمضان کے آغاز تک موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان

موسم بہار کے بادل اپنے ساتھ ژالہ باری اور گردآلود آندھی بھی لائیں گے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے تجزیہ کار عقیل العقیل نے کہا ہے کہ ’رمضان کے آغاز تک مملکت میں غیر مستحکم موسم جاری رہنے کا امکان ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’رمضان کی آمد تک مطلع ابرآلود رہے گا۔ بالائی مقامات خصوصا عسیر کے پہاڑوں کی چوٹیوں کے علاوہ ریاض، حائل، القصیم اور حدود شمالیہ کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ گہرے بادل نظر آئیں گے‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ موسم بہار کے بادل اپنے ساتھ ژالہ باری اور گردآلود آندھی بھی لائیں گے‘۔
علاوہ ازیں بدھ کو دارلحکومت ریاض سمیت مملکت کے متعدد علاقوں میں بارش اور بعض علاقوں مں برفباری کی اطلاعات ہیں۔
 
دارلحکومت کا ’بوابۃ الشرق‘ محلہ بارش کے دوران پھر زیر آب آگیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہے۔
 پروجیکٹ  بنانے والی کمپنی نے دعوی کیا تھا کہ نکاسی آب کا مسئلہ حل کرلیا گیا ہے۔
چند ماہ قبل ’بوابۃ الشرق‘ کے زیرآب آنے پر شہری دفاع کے اہلکاروں نے گھروں میں محصور مکینوں کو کشتیوں کے ذریعے  دوسری جگہ منتقل کیا تھا۔

شیئر: