کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو میں نایاب نسل کے ہرن چھوڑے گئے
کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو میں نایاب نسل کے ہرن چھوڑے گئے
پیر 20 مارچ 2023 20:53
30 ریم نسل اور 10 الوضیحی نسل کے ہرن چھوڑے گئے ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور قومی مرکز برائے افزائش جنگلی حیاتیات نے پیر کو 30 ریم نسل اور 10 الوضیحی نسل کے ہرن جنگل میں چھوڑے ہیں۔
اس موقع پر محفوظ قومی جنگل کی مجلس انتظامیہ کےسربراہ کے مشیر شہزادہ متعب بن فہد الفیصل موجود تھے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی اور قومی مرکز محفوظ قومی جنگل میں انواع و اقسام کے جانوروں کی افزائش اور ماحولیاتی توازن کی بحالی کے پروگرام ایک دوسرے کے تعاون سے چلا رہے ہیں۔
قومی مرکز برائے افزائش جنگلی حیاتیات کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر محمدعلی قربان نے کہا کہ جن جانوروں کی نسل ختم ہوتی جارہی ہے ان کی باز آباد کاری اور ان کی نسل کی افزائش کی متعدد سکیمیں نافذ کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ملک کے مختلف علاقوں میں جنگلی حیاتیات کی افزائش کے لیے متعدد مرکز قائم ہیں۔ یہ نایاب نسل کی افزائش کےلیے بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کررہے ہیں۔
کنگ عبدالعزیزریزرو رائل جنگل اتھارٹی کے قائم مقام سربراہ ناصر الناصر نے کہا کہ اتھارٹی اس سے قبل 219 ایسے جانوروں کو دوبارہ آباد کرنے میں کامیابی حاصل کرچکی ہے جن کی نسل معدوم ہوتی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ کنگ عبدالعزیزریزرو رائل قومی جنگل مملکت میں شاہی فرمان سے قائم ہونےوالے سات محفوظ جنگلات میں سے ایک ہے۔ جنگلی حیاتیات کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیم (آئی یو سی این) میں شامل ہے۔