Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مغربی کنارے میں آبادکاری کے اسرائیلی فیصلے پر سعودی عرب کی مذمت

اقوام متحدہ ان علاقوں میں آبادکاری کو بین الاقوامی قانون کے منافی سمجھتا ہے۔ فوٹو اے پی
سعودی عرب نے قابض اسرائیلی حکام کی طرف سے فلسطین کے شمالی مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقوں میں دوبارہ آبادکاری کی اجازت دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

شمالی مغربی کنارے میں اسرائیلیوں پر پابندی کے قانون کو واپس لیا گیا ہے۔ فوٹو اے پی

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں دوبارہ آبادکاری کی اجازت دینے کا فیصلہ علاقائی اور بین الاقوامی طور پر کی جانے والی امن کوششوں کو نقصان پہنچائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عرب امن اقدام کی بنیاد پر سیاسی حل کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
اسرائیلی پارلیمنٹ میں منگل کو آبادکاروں کی تحریک نے اس فیصلے کی حمایت میں کامیابی حاصل کی ہے۔
شمالی مغربی کنارے کے اس علاقے سے اسرائیلیوں پر پابندی کے قانون کو واپس لے لیا گیا ہے جہاں سے 2005 میں یہودی باشندوں کو نکالا گیا تھا۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں نئے ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر سے پریشانی ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

اقوام متحدہ کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں امن کے نمائندے طور ونسلینڈ نے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں نو بستیوں کی حالیہ اجازت اور موجودہ بستیوں میں ہزاروں نئے ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر سمیت اسرائیلی آبادکاری کی مسلسل توسیع سے شدید پریشان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اقوام متحدہ ان علاقوں میں آبادکاری کی ایسی سرگرمیوں کو بین الاقوامی قانون کے منافی سمجھتا ہے۔

شیئر: