مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں افراد نے رمضان کا پہلا جمعہ ادا کیا
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں افراد نے رمضان کا پہلا جمعہ ادا کیا
جمعہ 24 مارچ 2023 20:37
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بیشتر دروازے کھول دیے گئے تھے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں لاکھوں افراد نے رمضان کا پہلا جمعہ ادا کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے اور العربیہ کے مطابق سعودی شہری، مقیم غیرملکی اورلاکھوں زائرین نے سکون و اطمینان و راحت کے ساتھ جمعہ کے خطبات سنے اور نمازجمعہ ادا کی۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے بیشتر دروازے کھول دیے گئے تھے۔ ہر دروازے پر نمازیوں کی آمد ورفت میں مدد کرنے کے لیے اہلکار تعینات تھے۔
ایس پی اے کے مطابق لاکھوں افراد صبح سویرے سے جمعے کی ادائیگی کے لیے مسجد الحرام پہنچنے لگے تھے۔ جمعے کے وقت مسجد الحرام کے اطراف کے محلوں، میدانوں، سڑکوں ، راہداریوں، ہوٹلوں اور تجارتی مراِکز تک میں نمازیوں کی صفیں پہنچ گئی تھیں۔ مسجد الحرام کی چھت بھی نمازیوں کے لیے کھولی گئی۔
انتظامیہ نے متعدد زبانوں میں رہنمائی کےلیے اہلکار تعینات کیے تھے۔ بوڑھوں اور معذوروں کے لیے الیکٹرانک وہیل چیئرزکا انتظام تھا۔
مسجد نبوی میں دو لاکھ 68 ہزار511 سے زیادہ افراد نے نمازجمعہ ادا کیا۔
مسجد نبوی کے صحنوں میں مختلف مقامات پر ہنگامی صحت امداد کی فراہمی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
جمعے کی مناسبت سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو معطر کیا گیا تھا۔ ہزاروں قالین بچھائے گئے تھے۔