عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کوئٹہ کی عدالت میں پیش، ضمانت منظور
حسان نیازی کو اسلام آباد پولیس کی تحویل سے لے کر کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا۔ فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کو کوئٹہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں اُن کی ضمانت منظور کر لی گئی۔
سنیچر کو حسان نیازی کے وکلا نے عدالت میں ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد حسان نیازی کی ضمانت منظور کی اور اُن کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
حسان نیازی کو اسلام آباد پولیس کی تحویل سے کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا۔
اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں کی گئی ہنگامہ آرائی کے بعد اُن کو حراست میں لے کر جسمانی ریمانڈ دیا گیا تھا۔
بعد ازاں حسان نیازی کو راہداری ریمانڈ پر بلوچستان منتقل کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
حسان نیازی کے خلاف کوئٹہ کے ایئرپورٹ پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کیا تھا۔
خیال رہے کہ حسان نیازی تحریک انصاف کے چیئرمین کے بھانجے ہیں اور وہ لاہور میں وکالت کرتے ہیں۔