Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے عسیر ریجن میں عمرہ زائرین کی بس الٹ گئی، 20 افراد ہلاک

الاخباریہ کے مطابق’ بس میں زیادہ تر غیر ملکی سوار تھے۔‘(فوٹو: الوطن)
سعودی عرب میں شمالی عسیر کے ’شعار درے‘ میں بس کے حادثے میں 20  عمرہ زائرین ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔
الوطن اور الاخباریہ کے مطابق بس مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو لے کر خمیس مشیط سے مکہ مکرمہ جارہی تھی۔ 
سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے حادثے کے بعد شعار درہ بند کردیا اور وہاں سے ٹریفک کے گزرنے  کے لیے متبادل راستہ بنایا گیا ہے۔ 
شہری دفاع اور ہلال احمر کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی کی، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد عسیر کے سینٹرل ہسپتال اور ابہا کے پرائیویٹ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ 
مرنے والوں کی لاشیں ہسپتال کے سرد خانے میں رکھی گئی ہیں۔ متعلقہ حکام حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔
الاخباریہ کے نامہ نگار نے بتایا کہ’ بس میں زیادہ تر غیر ملکی سوار تھے۔ ابھی  یہ پتہ نہیں چل سکا کہ غیرملکیوں کا تعلق کن ممالک سے ہے‘۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق بریک سسٹم میں خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا( فوٹو: المرصد)

ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ ’بس ایک کمپنی کی تھی جو عسیر کے ’درہ شعار‘ کے پل کے آخری حصے سے ٹکرا کر الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی‘۔
 بس کے بریک سسٹم میں خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔ 
زخمیو ں کے رشتہ داروں نے بتایا کہ’ حادثہ بس کے ٹکرانے اور خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے‘۔
ٹریفک پولیس نے ابھی تک حادثے کے بارے میں باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔

شیئر: