جدہ کی 700 برس پرانی مسجد الخضر کی تعمیر نو کا منصوبہ
مسجد الخضر کا رقبہ توسیع کے بعد 355.09 مربع میٹر ہوجائے گا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں جدہ کے علاقے البلد کی قدیم ترین مساجد میں سے ایک مسجد الخضر بھی ہے۔ یہ مسجد 700 سال پرانی ہے۔
تاریخی مساجد کی تعمیر نو، اصلاح و مرمت اور تزئین سے متعلق شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت اس کی نو تعمیر کی جائے گی۔یہ فن تعمیر کا خوبصورت شاہکار ہوگی۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد الخضر کا رقبہ توسیع کے بعد 355.09 مربع میٹر ہوجائے گا۔
355 افراد بیک وقت نماز ادا کرسکیں گے۔ یہ مسجد سعودی عرب کے مغربی علاقے کے طرز تعمیر کے مطابق بنائی جائے گی۔
مغربی ریجن کے طرز تعمیر کی متعدد خصوصیات ہیں۔ ساحلی علاقے کی آب و ہوا کے اثرات کو مدنظر رکھ کر عمارتیں تیار کی جاتی رہی ہیں۔ تاریخی مساجد اس علاقے کے فن تعمیر کا خوبصورت نمونہ ہوتی ہیں۔
امیر محمد بن سلمان تاریخی مساجد کی تعمیر نو کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 30 مساجد کی اصلاح و مرمت اور تعمیر نو کرا رہے ہیں۔
ان مساجد کا تعلق مملکت کے تیرہ علاقوں سے ہے۔ان میں سے چھ کا ریاض ریجن، پانچ کا مکہ مکرمہ ریجن، چار مدینہ منورہ، تین کا عسیر، دو، دو کا الشرقیہ، الجوف،جازان اورایک، ایک کا حدود شمالیہ، تبوک، باحہ، نجران، حائل اور القصیم سے ہے۔
پہلے مرحلے کے تحت سعودی عرب کے دس علاقوں کی 30 مساجد کی اصلاح و مرمت و تعمیر نو وتزئین وتوسیع کرائی گئی تھی۔