مسجد القبلی منفوحہ محلے کے مرکز میں واقع ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی دارالحکومت ریاض کے منفوحہ محلے کی 300 برس پرانی تاریخی مسجد کی اصلاح و مرمت اور تجدید و تزئین کی جائے گی۔
تاریخی مسجد القبلی کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کےمعروف پروگرام میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت قدیم وتاریخی مساجد کی تجدید و تزئین کی جارہی ہے۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور دوسرا مرحے پرعمل جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد القبلی منفوحہ محلے کے مرکز میں واقع ہے۔ یہ 300 برس سے زیادہ پرانی ہے۔ 1100ھ میں تعمیر کی گئی تھی اور پھر بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے 1364۔ھ میں اسے ازسرنو تعمیر کرایا۔
مسجد القبلی کا طرز تعمیر منفرد ہے۔ ترمیم سے قبل اس کا رقبہ تقریبا 642.85 مربع میٹر ہے۔ ترمیم و توسیع کے بعداس کا رقبل 804.32 مربع میٹر ہوجائے گا۔ نجدی طرز تعمیر استعمال کیا جائے گا۔
مسجد القبلی میں توسیع کے بعد 440 افراد بیک وقت نماز ادا کرسکیں گے۔
یاد رہے کہ تاریخی مساجد کی ترمیم و تزئین و تعمیر نو سے متعلق شہزادہ محمد بن سلمان کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 30 مساجد کو شامل کیا گیا ہے۔
دوسرے مرحلے کی مساجد مملکت کے 13 ریجنز میں واقع ہیں۔ ان میں سے 6 کا تعلق ریاض ریجن، 5 کا مکہ مکرمہ ریجن، 4 کا مدینہ منورہ ریجن، تین کا عسیر ریجن، 2 کا مشرقی ریجن، 2 الجوف اورجازان ریجن جبکہ ایک، ایک کا حدود شمالیہ، تبوک، باحہ، نجران،حائل اور قصیم ریجنوں سے ہے۔