لندن۔۔۔مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ سائبر حملے کی زد میں 150سے زائد ممالک آچکے ہیں۔ اسے غفلت سے بیدار ہونے کیلئے ایک انتباہ کے طور پر لینا چاہئے۔ سسٹم میں کمزوریوں کے باعث بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ حالیہ سائبر حملہ مائیکروسافٹ ونڈوز کے ایک ورژن میں موجود نقص کے سبب ہوا۔آئندہ اس قسم کے حملے روکنے کیلئے پیشگی اقدامات کی ضرورت ہے۔ماہرین نے اس طرح کے مزید حملے کئے جانے کے خدشات ظاہر کئے ہیں۔دریں اثناء یورپ کے پالیسی ساز ادارے یوروپول نے کہا کہ 150ملکوں کے کم از کم ایک لاکھ اداروں اور تنظیموں پر سائبر حملے ہوئے ہیں۔ اس سے کمپیوٹر فائلیں ڈراپ ہوگئیں۔ کئی اداروں نے اس سے چھٹکارے کیلئے تاوان بھی ادا کیا۔ یوروپول نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے بعد پیر کو جب بہت سے ادارے اپنے کمپیوٹر کھولیں گے تو نہیں معلوم متاثرین کی تعداد کہاں تک پہنچے گی۔