انڈیا میں مذہبی تقریب کے دوران مندر کا فرش اچانک ٹوٹنے اور متعدد زائرین کے کنویں میں گرنے سے 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ جمعرات کو ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے شری بالیشور مہادیو مندر میں اس وقت پیش آیا جب وہاں کافی تعداد میں زائرین جمع تھے۔
مندر میں ایک کنویں پر لینٹر ڈال کر فرش بنایا گیا تھا جو زیادہ دباؤ کی وجہ سے زمین میں دھنس گیا۔
مزید پڑھیں
-
انڈیا میں ’دیوی کو خوش کرنے کے لیے‘ کسان نے اپنی زبان کاٹ دیNode ID: 700011
-
انڈیا کے مندر میں کرین اُلٹ گئی، چار زائرین ہلاکNode ID: 736926
اندور کے ضلعی مجسٹریٹ نے اے ایف پی کو بتایا کہ 35 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ ریسکیو اور ریلیف کا کام تیزی سے مکمل کر رہی ہے۔
وزیراعظم کے دفتر نے متاثرین کے لیے دو لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا۔
ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔
انڈیا میں مذہبی تقریبات کے دوران حادثات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں اور رواں برس 23 جنوری کو ریاست تامل ناڈو کے دروپتی مندر میں تقریب کے دوران کرین زائرین کے اوپر گرنے سے چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ رانی پت کے علاقے میں واقع دروپتی مندر میں پیش آیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کرین کے ذریعے مورتیاں لے جائی جا رہی تھیں جبکہ اس وقت آٹھ افراد بھی کرین کے اگلے حصے پر سوار تھے۔
نیچے موجود زائرین کرین پر سوار افراد کو ہار پکڑا رہے تھے اور اس دوران ہی کئی فٹ اونچی کرین اپنا توازن کھو بیٹھی اور نیچے موجود زائرین کے اوپر گر گئی۔