’کم فاصلے کے 30 ریال کیوں؟‘ سعودی اہلکار ٹیکسی ڈرائیور پر برہم
صارفین نے زائرین کی مدد پر ٹریفک اہلکار کی ستائش کی ہے ( فوٹو: سکرین شاٹ)
سعودی عرب میں سوشل میڈیا پرایک وڈیو وائرل ہے جس میں سیکیورٹی اہلکار ایک ٹیکسی ڈرائیورکوعمرہ زائرین سے زیادہ رقم طب کیے جانے پرروک رہا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر صارفین نے غیرملکی زائرین کی مدد پر ٹریفک اہلکار کی ستائش کی ہے۔
وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک اماراتی زائر ٹیکسی ڈرائیور سے کرایے کی بات کررہا ہے۔ ڈرائیور نے یہ سوچ کر کہ زائر اجنبی ہے اس سے کم فاصلے کے لیے ٹیکسی کا کرایہ 30 ریال طلب کیا۔
قریب کھڑے سیکیورٹی اہلکار نے جو یہ باتیں سن رہا تھا حیرت زدہ رہ گیا اور ٹیکسی ڈرائیور پر برہمی کا اظہار کیا۔
سیکیورٹی اہلکار نے مداخلت کرتے ہوئے ڈرائیور سے کہا کہ ’اتنے کم فاصلے کے 30 ریال کیسے مانگ سکتے ہو؟۔ یہاں تک کا کرایہ دس ریال ہے‘۔
سعودی سیکیورٹی اہلکار مسجد الحرام کے اطراف تعینات ہیں۔ رمضان کے دوران عمرہ زائرین کی رہنمائی بھی کررہے ہیں۔