مسجد الحرام میں سیکیورٹی اہلکار عمرہ زائرین کی رہنمائی کر رہے ہیں
زائرین کی خدمت کےلیے سیکڑوں رضاکار اور اہلکار تعینات ہیں (فوٹو: سکرین شاٹ)
سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں عمرہ، نماز اور طواف کے لیے آنے والے معذور زائرین کی خدمت کےلیے سیکڑوں رضاکار اور سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
العربیہ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمرہ سیکیورٹی فورس کا ایک اہلکار ویل چیئر پر بیٹھے عمرہ زائر کی سعی کے لیے رہنمائی کررہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ’سیکیورٹی فورس کا اہلکار جس محبت سے عمرہ زائر سے کی رہنمائی کررہا ہے وہ سیکیورٹی فورس کی جانب سے عمرہ زائرین کی خدمت کے حوالے سے روشن مثال ہے‘۔
مسجد الحرام میں دروازوں کے ادارے کے سیکریٹری عادل الفہمی نے بتایا کہ ’حرمین شریفین انتظامیہ مسجد الحرام میں زائرین کو دروازوں پر ویل چیئر کی فراہمی کا انتظام کیے ہوئے ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مسجد الحرام کے دروازوں کی تعداد 210 ہے۔ ان میں سے 82 چوبیس گھنٹے کھلے رہتے ہیں جبکہ 160 سے زیادہ دروازے رمضان اور حج موسم میں زائرین کی آسانی کے لیے خاص طور پر کھولے جاتے ہیں‘۔