مسجد الحرام میں آمد ورفت منظم رکھنے کےلیے 500 سے زیادہ سیکیورٹی اہلکار
مسجد الحرام میں آمد ورفت منظم رکھنے کےلیے 500 سے زیادہ سیکیورٹی اہلکار
ہفتہ 4 فروری 2023 20:48
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس رہتے ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور اس کی بیرونی عمارتوں میں امن و امان کو یقینی بنانے اور آمد ورفت منظم رکھنے کے لیے سال بھر 500 سے زیادہ سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوتے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور مستحکم انتظامات کیے ہوئے ہے۔
سیکیورٹی اہلکار مسجد الحرام میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس رہتے ہیں اور ہر حصے پر نظر رکھتے ہیں۔
سیکیورٹی اہلکار پروفیشنل ٹریننگ لیے ہوئے ہیں۔ مسجد الحرام اور اس کے زائرین کی خدمت پر مامور 15 اداروں کے امن مسائل سے پیشہ ورانہ انداز میں نمٹتے ہیں۔
سیکیورٹی اہلکار مسجد الحرام کے ہر حصے میں مقررہ نظام الاوقات کے مطابق موجود رہتے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
ان اداروں میں کنگ عبدالعزیز غلاف کعبہ کمپلیکس، حرمین شریفین عجائب گھر، حرم شریف لائبریری، کدی میں بیک اپ بجلی سٹیشن، مسجدالحرام کے واش رومز کو پانی فراہم کرنے والا ملکان ٹینک، کدی میں آب زمزم ٹینک قابل ذکر ہیں۔۔
سیکیورٹی اہلکار مسجد الحرام کے ہر حصے میں مقررہ نظام الاوقات کے مطابق موجود رہتے ہیں۔ بارش کے دوران خاص طور پر ہنگامی انتظامات کیے جاتے ہیں۔
مسجد الحرام کے دروازوں اور راہداریوں میں آمد ورفت کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔ زائرین کو الیکٹرانک زینے استعمال کرنے میں مدد کے علاوہ راہداریوں میں زائرین کو بیٹھنے سے روکتے ہیں تاکہ طواف یا سعی کے لیے آنے جانے والوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔