واٹس ایپ کا نیا فیچر، اینڈرائیڈ صارفین ویڈیوز اور امیجز ایڈٹ کر سکیں گے
اینڈرائیڈ فونز پر واٹس ایپ بیٹا کا نیا ورژن پلے سٹور کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
سماجی رابطوں کی ایپلیکیشن واٹس ایپ طویل عرصے سے ایک مخصوص فیچر پر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے پیغامات کو ایڈٹ کیا جا سکے گا۔
واٹس ایپ سے متعلق معلومات نشر کرنے والی ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق اس فیچر کے تحت فراہم کردہ نئے ٹولز کے ذریعے امیجز، ویڈیوز اور جفیز کو ایڈٹ کیا جا سکے گا۔
حال ہی میں اینڈرائیڈ فونز استعمال کرنے والوں کے لیے یہ فیچر لانچ کیا گیا ہے جبکہ آئی او ایس (آٓئی فون) والوں کے لیے واٹس ایپ بیٹا پر کام ہو رہا ہے۔
اینڈرائیڈ فونز پر واٹس ایپ بیٹا کا نیا ورژن پلے سٹور کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق اپنے واٹس ایپ پر ٹیکسٹ ایڈیٹر کھول کر دیکھیں جس سے معلوم ہو جائے گا کہ نئے فیچر آپ کے اکاؤنٹ کو میسر ہیں یا نہیں۔
نئے فیچرز کے تحت مختلف فونٹس استعمال کرنا آسان ہو گیا ہے۔ اگرچہ پہلے بھی آسان تھا لیکن اب صارفین زیادہ تیزی سے دوسرے فونٹس کا انتخاب کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ ٹیکسٹ کو دائیں، بائیں اور سینٹر میں ترتیب کیا جا سکے گا۔ اس طرح سے صارفین کو زیادہ آزادی حاصل ہوگی کہ وہ اپنے امیجز، ویڈیوز اور جفیز پر ٹیکسٹ مرضی کے مطابق ترتیب دے سکتے ہیں۔
نئے فیچر کا استعمال کرتے ہوئے بیک گراؤنڈ کا رنگ بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے جس سے ٹیکسٹ اور بیک گراؤنڈ کے رنگ میں فرق کیا جا سکے گا۔
واٹس ایپ کے بیٹا ورژن اور واٹس ایپ بزنس کے صارفین کو نئے فیچرز سے لیس ٹیکسٹ ایڈیٹر تک رسائی دی گئی ہے۔
لیکن اگر کسی صارف کے واٹس ایپ پر یہ فیچرز میسر نہیں تو وہ پریشان نہ ہوں، آئندہ ہفتوں میں مزید صارفین اسے استعمال کر سکیں گے۔