سعودی خواتین کی انڈر۔17 فٹبال کپتان ورلڈ کپ جیتنے کا خواب دیکھتی ہیں
سعودی خواتین کی انڈر۔17 فٹبال کپتان ورلڈ کپ جیتنے کا خواب دیکھتی ہیں
ہفتہ 1 اپریل 2023 22:44
مجد العتیبی نے 2013 میں چھ سال کی عمر میں فٹ بال کھیلنا شروع کیا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی خواتین کی انڈر۔ 17 قومی فٹ بال ٹیم کی کپتان مجد العتیبی گرین فالکنز کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب دیکھ رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کروشین کوچ سٹیلا گٹال کی زیرنگرانی فروری میں بنائی گئی خواتین کی انڈر۔17 ٹیم 28 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
فٹ بال ٹیم کی کپتان مجد العتیبی سعودی خواتین ٹیم میں فرسٹ ڈویژن کی سب سے کم عمر کھلاڑیوں میں سے ہیں اور وہ ال یمامہ فٹبال کلب کی نمائندگی بھی کرتی ہیں۔
مجد العتیبی نے 2013 میں چھ سال کی عمر میں فٹ بال کھیلنا شروع کیا، ان کے والد جو پیشہ ور فٹ بال کھلاڑی ہیں وہ اس جونئیر ٹیم کی کوچنگ کرتے تھے۔
فٹبال کپتان نے بتایا ہے کہ چونکہ میرے والد فٹبال کے اچھے کھلاڑی تھے اس لیے مجھے لگا کہ فٹ بال میرے خون میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب سے میں نے اس کھیل کو باضابطہ طور پر کیریئر بنانے کا سوچا ہے تو خاندان اور دوستوں میں ہر کوئی بہت خوش ہے۔
مجد کا کہنا ہے کہ میں امید کرتی ہوں کہ لیگ فٹبال اور قومی ٹیم میں کم عمر کھلاڑی ہونے سے مجھے دیگر کم عمر لڑکیوں کو اس کھیل کے لیے حوصلہ افزائی کرنے میں مدد ملے گی۔
ال یمامہ فٹبال کلب میں وہ اپنی ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ میں ٹیم میں سب سے کم عمر ہوں اور انہوں نے میرے لئے بہت آسانیاں پیدا کی ہیں وہ سب میرا بہت خیال رکھتی ہیں۔
مجد العتیبی کا کہنا ہے کہ پیشہ ور کھلاڑی بننے کے لیے ہر کسی کو نظم و ضبط اور بھرپور لگن کی بہت ضرورت ہے۔
اگر آپ کھیل سے محبت کرتے ہیں اور آپ کچھ بننا چاہتے ہیں تو اس کے لیے سب سے پہلے 100 فیصد یقین کی ضرورت ہے جو آپ کر رہے ہیں وہ درست ہے۔
کچھ بننے کے لیے آپ کو جنون کی ضرورت ہے ، گراونڈ میں آنے والی پہلی کھلاڑی اور گراونڈ سے واپس نکلنے والی آخری کھلاڑی اس سے ہی آپ کچھ عظیم بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی خواتین کی قومی فٹبال ٹیم 24 مارچ کو پچھلے سال کے مقابلے میں صرف نو بین الاقوامی میچز کھیلنے کے بعد فیفا کی عالمی درجہ بندی میں شامل ہو گئی ہے۔
سعودی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم اپنے قیام کے دو سال کے عرصہ میں اس وقت 188 قومی ٹیموں کی رینکنگ میں171 ویں نمبر پر موجود ہے۔