مکہ میں زائرین کے کھانے کی جانچ کے لیے موبائل لیب
ہر لیبارٹری روزانہ 100 سے 150 نمونوں کا تجزیہ کر سکتی ہے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں مکہ میونسپلٹی رمضان کے دوران زائرین کو فراہم کیے جانے والے کھانے کی جانچ کے لیے مسجد الحرام کے قریب موبائل لیبارٹریز آپریٹ کر رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ لیبارٹریز خوراک اور پانی کے نمونوں کا موقع پر تجزیہ فراہم کرتی ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ انسانی استعمال کے لیے موزوں ہیں۔
مکہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’نئی سروس کا مقصد خوراک اور پانی کے نمونوں کے تجزیہ کو تیز کرنا ہے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ موبائل لیبارٹریز جدید آلات پر مشتمل ہیں جو نمونوں کا تجزیہ کرتی ہیں اور 18 گھنٹوں کے اندر فوری اور درست نتائج فراہم کرتی ہیں۔
ہر لیبارٹری روزانہ 100 سے 150 نمونوں کا تجزیہ کر سکتی ہے جن میں خوراک اور پانی کے نمونے شامل ہیں، اس کے علاوہ مکہ کی مرکزی لیبارٹری بھی روزانہ 500 نمونوں کا تجزیہ کر سکتی ہے۔
اسامہ زیتونی نے کہا کہ ’مکہ میونسپلٹی کے پاس ان لیبارٹریوں کو آپریٹ کرنے کے لیے اہل عملہ موجود ہے جو متعدد مقامات اور مسجدالحرام کے آس پاس پرہجوم علاقوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’موبائل لیبارٹریز مکہ میں فوڈ سیفٹی سسٹم کو مضبوط بنائیں گی۔ اس کے علاوہ یہ ذیلی میونسپلٹیز اورمتعلقہ میونسپلٹیز میں استعمال کی جا سکتی ہیں۔‘
مکہ میونسپلٹی کے ترجمان نے کہا کہ ’یہ لیبارٹریز کھانے کے معیار اور مشتبہ فوڈ پوائزننگ کے براہ راست کیسز کا پتہ لگانے کے عمل میں حصہ ڈالیں گی، کھانے کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے علاوہ حج اور عمرہ سیزن میں وقت اور محنت کی بچت کریں گی۔‘
اسامہ زیتونی نے مکہ میونسپلٹی کی جانب سے زائرین کی خوراک کی حفاظت کے تمام ذرائع فراہم کرنے کے لیے کی جانے والی انتھک کوششوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ’معائنہ کرنے والی ٹیمیں ریستوران اور فوڈ سروس پرووائیڈرز سے براہ راست نمونے لینے، کسی بھی خلاف ورزی کا پتہ لگانے اور انہیں فوری طور پر حل کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔‘
انہوں نے نشاندہی کی کہ معائنہ کرنے والی ٹیموں نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی اور انہیں جرمانے کیے۔