Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپیکر قومی اسمبلی سے سعودی سفیر کی ملاقات، روابط کو مزید مضبوط بنانے پر زور

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دونوں برادر ممالک آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں (فوٹو: قومی اسمبلی)
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پارلیمنٹ ہاؤس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
منگل کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہمیشہ مضبوط برادرانہ تعلقات رہے ہیں جو ہمارے مشترکہ مذہب، ثقافت، روایات اور باہمی خیر سگالی کے جذبے سے جڑے ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں برادر ممالک آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
 سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت حرمین شریفین کے متولی اور سعودی قیادت کا بے پناہ احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پوری طرح پر عزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
 سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں دل کھول کر کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا مزید کہا کہ پارلیمانی تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
 سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کو اپنا مخلص دوست اور با اعتماد بھائی سمجھتا ہے۔  انہوں نے سپیکر راجہ پرویز اشرف کو یقین دلایا کہ سعودی عرب پاکستان میں معاشی اور سماجی شعبے میں تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے سعودی عرب کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔
 نواف بن سعید المالکی نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

شیئر: