Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر کا روایتی ’برڈ‘ لوگو اچانک غائب، ایلون مسک نے ڈوج کی تصویر لگا دی

ایلون مسک نے بلیو برڈ کو لوگو سے ہٹا کر اس کی جگہ کتے ’ڈوج‘ کی تصویر لگا دی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایلون مسک نے ٹوئٹر کا روایتی ’برڈ‘ لوگو ہٹا کر وہاں میمز سے مشہور ہونے والے کتے کی تصویر لگا دی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا لوگو اچانک سے تبدیل ہوگیا ہے۔
ٹوئٹر کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اپنے پلیٹ پر روایتی بلیو برڈ کو لوگو سے ہٹا کر اس کی جگہ میمز سے مشہور ہونے والے کتے ’ڈوج‘ کی تصویر لگا دی ہے۔
اب صارفین ٹوئٹر پر برڈ کی جگہ ڈوج کی تصویر لوگو پر دیکھ سکتے ہیں۔
میمز سے مشہور ہونے والا کُتا ’ڈوج‘ کیا ہے؟
سنہ 2010 میں جاپان میں ایک شیبا اینو نسل کے کتے کی تصویر کھینچی گئی تھی جو کہ 2013 میں سوشل نیوز ایگریگیٹر ریڈٹ پر میمز کی صورت میں وائرل ہوگئی۔
اس کُتے کی تصویر پر ٹُوٹی پُھوٹی انگریزی میں کچھ جملے بھی لکھے ہوئے تھے۔
ریڈیٹ کے ذریعے اس کتے کو سوشل میڈیا کے ہر پلیٹ فارم پر خوب شہرت ملی اور اس کے نام پر 2013 میں ہی کرپٹو کرنسی کا بٹ کوئن (ڈوج کوئن) متعارف کروا گیا۔
دوسری جانب ایلون مسک اسی ڈوج کوئن کو بہت پسند کرتے ہیں جو کہ 2013 میں مذاق میں بنائی گئی تھی۔
اسی وجہ سے ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا بھی اپنی چیزوں کی خرید و فروخت کے لیے ڈوج کوئن استعمال کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
بلوم برگ کے مطابق ٹوئٹر پر ڈوج کی تصویر اچانک سے لوگو پر آںے کے بعد اس کے حصص میں 30 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں پیر کے روز ایلون مسک نے اپنی ٹویٹ میں ایک میم شیئر کی تھی جس میں ڈوج گاڑی میں بیٹھی ہے اور ایک پولیس والے کو اپنا لائنسس دکھا کر کہہ رہی ہے کہ یہ میری پرانی تصویر ہے۔
اس کے بعد ٹوئٹر کے مالک نے ایک صارف کے ساتھ 2022 میں ہونے والی گفتگو کا سکرین شاٹ شیئر کیا اور لکھا کہ ’جیسے وعدہ کیا تھا۔‘
گذشتہ سال انہوں نے ٹویٹ میں پوچھا تھا کہ ’کیا کسی نئے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے؟‘
اس کے جواب میں ایک صارف کہتے ہیں کہ ’بس ٹوئٹر خرید لیں اور برڈ لوگو کو ڈوج سے تبدیل کر دیں۔‘
اس کے جواب میں مسک نے ٹویٹ کی تھی کہ ’ہاہا یہ بہت بے کار ہوگا۔‘
اُدھر ڈوج کوئن کے ہینڈل نے اپنی ٹویٹ میں روایتی انداز میں ٹُوٹی پُھوٹی انگریزی میں کہا کہ ’بہت پیسے، واہ، زیادہ کوئن، کیسے پیسے، بہت کرپٹو۔‘
ٹوئٹر کے لوگو کے تبدیل ہونے کے بعد صارفین بھی اس سلسلے میں اپنے تبصرے کر رہے ہیں۔
میٹ ویلس نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’میں اس دن کا انتظار نہیں کر سکتا کہ کروڑوں لوگ ایلون مسک کو چاند پر ڈوج کوئن لگاتا دیکھیں۔‘
ہیری سن کرینک نے دلچسپ انداز میں ٹویٹ کی کہ ’یہ سب دیکھنے کے بعد مجھے یقین ہے کہ ایلون کوکا کولا میں کوکین واپس ڈالیں گے۔‘
ٹوئٹر ہینڈل ڈوج ڈیزائنر نے ایلون مسک اور ڈوج کی تصویر ایڈٹ کر کے لکھا کہ ’ٹوئٹر کا بورڈ آف ڈائریکٹر۔‘
میٹن ورژن نے ٹوئٹر کے تمام سابقہ لوگوز کو دکھاتے ہوئے مزاحیہ میم کے انداز میں کہا کہ ’سب کچھ ممکن ہے۔ پرندے ڈوج بن گئے ہیں۔‘
کرپٹو رینڈ نامی ایک ہینڈل نے ڈوج کو ٹوئٹر کا برڈ ہی بنا دیا۔

 

شیئر: