Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کفالت میں تبدیلی کے بعد اقامہ کارڈ نیا پرنٹ کرانا ہوگا؟

ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے اقامہ کارڈ اپنے موبائل پربھی اوپن کیاج اسکتا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے قوانین کے تحت غیرملکی کارکنوں کے اقاموں کی تجدید اوراجرا کے مراحل کو آسان بنایا گیا ہے۔
 غیرملکی کارکنوں کوبنیادی طورپردو کیٹگریز میں تقسیم کیا جاتا ہے جن میں کمرشل کارکن اورانفرادی ویزوں پرمقیم غیرملکی شامل ہیں۔
سعودی وزارت افرادی قوت کے پلیٹ فارم ’قوی ‘ پرایک شخص نے دریافت کیا ’میری عمر67 برس ہے جبکہ پیشہ عامل نظافہ مبانی کا ہے، کیا کفالت کی تبدیلی کرائی جاسکتی ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں ’قوی‘پلیٹ فارم کا کہنا تھا کہ ’ قوی پلیٹ فارم پرکفالت کی تبدیلی کے لیے عمرکا زیادہ ہونا قابل اعتراض امر نہیں ہوتا‘۔  
’کفالت کی تبدیلی کےلیے قوی پلیٹ فارم پردرخواست اپ لوڈ کرائی جاسکتی ہے جہاں ملازمت کے معاہدے کو دیکھتے ہوئے اسے فریقین کی جانب سے منظورکرنے کے بعد قوی پلیٹ فارم پراس کی منظوری کے احکامات صادرکیے جاتے ہیں‘۔ 
واضح رہے وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے مملکت میں مقیم غیرملکی کارکنوں کے معاملات جلد نمٹانے کےلیے قوی پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔ 
قوی پلیٹ فارم کا مقصد مملکت کی لیبرمارکیٹ کے معاملات کوبہتربنانا اورکارکنوں کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ معاملات بہتر طورپرجلد حل ہوں اورکارکنوں کو تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 
قوی پلیٹ فارم کے ذریعے کفالت کی تبدیلی کےلیے لازمی ہے کہ جس ادارے یا کمپنی میں کفالت تبدیل کرانا مقصود ہووہاں سے ملازمت کا ڈیجیٹل معاہدہ تیارکرکے قوی پلیٹ فارم پراپ لوڈ کیاجائے جسے آجرواجیردونوں منظورکریں بعدازاں منظورشدہ معاہدے کی تصدیق قوی پلیٹ فارم پرکی جاتی ہے۔ 

اقامہ کارڈ میں کفیل یا کمپنی کا نام اور آجر کا سیریل کمپیوٹرنمبر درج ہوتا ہے(فوٹو: سبق)

قوی پلیٹ فارم پرمعاہدے کی تصدیق ہونے کے بعد وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے کفالت کی تبدیلی کے لیے نئے آجر کے اکاونٹ میں ورک پرمٹ جاری کیاجاتا ہے بعدازاں جوازات کے سسٹم میں نیا اقامہ کارڈ پرنٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ابشراکاونٹ میں بھی معلومات تبدیل کی جاتی ہیں۔ 
 جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا ’کفالت تبدیل کرائی ہے اس صورت میں اقامہ کارڈ نیا پرنٹ ہوگا یا وہی پرانا کارڈ کارآمد ہوسکتا ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ کفالت تبدیل کرانے کے بعد اقامہ کارڈ دوسرا پرنٹ کرانا ہوگا۔ کارڈ پرنٹ کے حوالے سے جوازات کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے اقامہ کارڈ اپنے موبائل پربھی اوپن کیاجاسکتا ہے‘۔ 
واضح رہے جوازات کے ضوابط کے تحت اقامہ کارڈ میں کارکن کے کفیل یا کمپنی کا نام علاوہ ازیں آجر کا سیریل کمپیوٹرنمبربھی درج ہوتا ہے۔ 
کفالت تبدیل کرائے جانے کے بعد کفیل کا نام اورسیریل نمبربھی تبدیل ہوجاتا ہے جس کے بعد دوسرا کارڈ جاری کرانے کی ضرورت ہوتی۔  
کارکن کا نیا کارڈ پرنٹ کرانے کےلیے کارکن کویہ حق نہیں کہ وہ بذات خود جوازات کے کسی دفترسے رجوع کرے کارکن کے کفیل یا کمپنی کے متعلقہ شعبے کے اہلکارکے ذمہ ہوتا ہے کہ وہ کارکن کا اقامہ کارڈ جوازات سے حاصل کرے۔ 

شیئر: