امارات میں اقامہ اور ورچوئل ورک آئی ڈی کارڈ آن لائن کیسے جاری کرائیں؟
وفاقی ادارے نے ویزے کی آن لائن کارروائی کے ضوابط مقرر کیے ہیں۔ ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں قومیت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی کے وفاقی ادارے نے کہا ہے کہ اقامہ اور ورچوئل ورک آئی ڈی کارڈ آن لائن جاری کرایا جا سکتا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ’آن لائن کارروائی مکمل کرنے پر 48 گھنٹے کے اندر فائل وصول ہوجائے گی۔‘
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نئے ویزہ سسٹم کے تحت ایسے غیرملکیوں کے لیے جو بیرون ملک مقیم ہوں انہیں ورچوئل ورک ویزہ جاری کرے گی۔
اس ویزے کے تحت غیرملکی متحدہ عرب امارات آسکیں گے اور سپانسر کے بغیر ایک سال تک ملک میں قیام کرسکیں گے۔
اس ویزے میں توسیع بھی ہو سکتی ہے۔ ورچوئل ورک کرنے والوں کو مقررہ قوانین و ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔
وفاقی ادارے نے ویزے کی آن لائن کارروائی کے ضوابط مقرر کیے ہیں۔
ضوابط کے تحت امیدوار کا پاسپورٹ درخواست دیتے وقت کم از کم ایک ماہ کے لیے موثر ہونا چاہیے۔ یہ شرط اقامے کے اجرا اور آئی ڈی کارڈ کے حوالے سے بھی ہے۔
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ ’اقامے اور آئی ڈی کے اجرا کی درخواست گزار کا امارات میں ہونا ضروری ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’اس سہولت سے سمارٹ سروس سسٹم تک رسائی کے ذریعے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے اسے ڈیجیٹل آئی ڈی استعمال کرنا ہو گی یا صارف کا نام یا ون ٹائم پاسورڈ استعمال کرنا ہوگا اس کے بعد مطلوبہ سروس دریافت کرنا ہوگی۔
اس کے بعد فارم بھر کر سروس فیس جمع کرانا ہو گی۔ یہ سہولت ہفتے کے تمام دن اور 24 گھنٹے مہیا رہے گی۔