Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اچانک اضافہ، حفاظتی اقدامات سخت

انڈیا میں ایک دن کے دوران نئے کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، حالات بے قابو ہونے سے پہلے ہی حکام نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو کورونا وائرس کے سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 6 ہزار 155 سے تجاوز کر گئی ہے۔ دو سو دنوں میں پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں کیسز کی اتنی بڑی تعداد سامنے آئی ہے۔
اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق انڈیا میں اومنی کرون کی نئی ذیلی قسم ’ایکس بی بی 1.1.16‘ کی شناخت ہوئی ہے جس کی وجہ سے انفیکشنز میں اضافہ ہوا ہے۔
وائرس کی یہ قسم آرکٹیورس کے نام سے بھی جانی جاتی ہے جو زیادہ سے زیادہ افراد کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت مارچ سے ایکس بی بی .1.16 کو مانیٹر کر رہا ہے۔
کورونا کیسز میں اچانک اضافے کے بعد انڈین وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے تمام ریاستوں کو چوکنا رہنے، ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن کو بڑھانے کے علاوہ حفاظتی تیاریوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
سنیچر کو صحت کے شعبے سے منسلک مقامی عہدیداروں سے ملاقات کے بعد وزیر صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ریاستوں کو مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے جس طرح سے کورونا کی پچھلی لہر کے دوران کیا گیا۔‘
وزیر صحت نے ریاستی وزرا کو تمام ہسپتالوں میں فرضی مشق کروانے کی ہدایت کی ہے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر تمام تیاریوں کو جائزہ لینے کا کہا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے انڈیا کی کچھ ریاستوں کو بری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
جنوری 2020 کے اعدادوشمار کے مطابق انڈین حکام ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ 80 افراد بتاتے ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کا خیال ہے کہ 47 لاکھ افراد جان سے گئے تھے۔
نئے کیسز کے پیش نظر طبی ماہرین نے نگرانی بڑھانے اور حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی تجویز دی ہے۔

شیئر: