نئی دہلی۔۔۔۔سینٹرل بیوروآف انویسٹی گیشن ( سی بی آئی)نے منگل کو سابق وزیر خزانہ چدمبرم کی رہائش پر چھاپہ مارا ۔ ان پر فارن انویسٹمنٹ پرموشن بورڈ ( ایف آئی پی بی) کی کی منظوری میں مجرمانہ کارروائی کا الزام ہے۔ سی بی آئی نے چدمبرم کے بیٹے کارتی کی رہائش پر بھی چھاپہ مارا جبکہ چدمبرم کے آبائی شہر چنئی میں متعدد مقامات کی تلاشی لی گئی ۔سابق وزیر خزانہ نے ان چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میرے خاندان والوں کے گھروں پر چھاپہ مار کرمیری آواز خاموش کرانے کی کوشش کررہی ہے۔حکومت نے میرے بیٹے اور اس کے دوستوں کے گھروں پر چھاپے مارے لیکن میں اس کے باوجود اپنی آواز بلندکرتا رہونگا اور لکھتا رہونگا۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی پی بی کی منظوری دینے میں مجھ پر یا دیگر سرکاری افسروں پر کوئی الزامات نہیں ۔ہر معاملہ قانون کے مطابق نمٹایا گیا ہے۔پچھلے مہینے پی چدمبرم اور ان کی کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔