ترجمان سپریم کورٹ نے ججز کے درمیان ہونے والی ’تلخ کلامی‘ اور ’ہاتھا پائی‘ سے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے اسے ’جھوٹ‘ قرار دیا ہے۔
جمعے کو عدالت عظمیٰ کے ترجمان کی جانب سے ججز کے درمیان تلخ کلامی‘ اور ’ہاتھا پائی‘ کی خبروں کے حوالے سے وضاحت جاری کی گئی ہے۔
ترجمان سپریم کورٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز کے درمیان ججز کالونی کے پارک میں چہل قدمی کے دوران ہونے والی تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کی خبر جھوٹ ہے، اسے سوشل میڈیا پر چلایا گیا ہے۔‘
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس خبر کی سختی سے تردید کی جاتی ہے۔ یہ جھوٹ، شرانگیزی اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔‘
ترجمان سپریم کورٹ نے ججز کے درمیان ’تلخ کلامی‘ اور ’ہاتھا پائی‘ سے متعلق خبروں کو ’قانون کی خلاف ورزی‘ اور عدالت اور اس کے ججز کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔