Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم میں تین بچے والدین کے سامنے سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک

ڈوبنے والے بچوں کی عمریں ڈیڑھ سے پانچ سال کے درمیان  تھیں(فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے علاقے قصیم کی وادی ابو رمث میں تین بچے والدین کے سامنے سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے تینوں کی نعشیں نکال لیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق شہری دفاع نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’تینوں بچے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ  گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ سیلاب میں پھنس گئے۔ سانحہ کی اطلاع پر پورے علاقے میں رنج و ملال کی لہر دوڑ گئی۔‘
شہری دفاع  کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’حادثے کے وقت تینوں بچے اپنے والدین کے ہمراہ تھے۔ سیلابی ریلا گاڑی کو بہا لے گیا۔‘
عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’سیلابی ریلے میں محصور افراد نے گاڑی کے الٹنے سے قبل اس سے نکلنے کی کوشش کی۔ والدین اور دو بچے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تاہم تین بچے گاڑی ہی میں پھنس گئے۔‘
ڈوبنے والے بچوں کی عمریں ڈیڑھ سے پانچ سال کے درمیان  تھیں۔ اہل قصیم نے تینوں بچوں کو سپرد خاک کر دیا۔
شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے پھر کہا  کہ ’بارش کے دوران برساتی نالوں سے دور رہا جائے۔ اگر برساتی نالے خشک ہوں تو وہاں رکنے سے گریز کریں۔ بچوں کو سیلاب یا تالاب کے قریب نہ جانے دیا جائے۔‘
یاد رہے کہ ان دنوں قصیم ریجن اور اس کی تحصیلوں میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال ہے۔

شیئر: