سعودی شہری سیلابی ریلے میں پھنسے بھتیجوں کو بچاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا
الریث کی وادی میں بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے مشرقی جازان کی ایک وادی میں سیلابی ریلے میں محصور دو بھتیجوں کو بچاتے ہوئے سعودی شہری جابر طاوی محمد الریثی جان کی بازی ہار گیا۔
سبق ویب کے مطابق الریث کی وادی میں بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔
سعودی شہری نے جب اپنے بھتیجوں کو سیلاب میں گھرا ہوا دیکھا تو وہ انہیں بچانے کےلیے گاڑی لے کر پہنچ گیا۔
جیسے ہی وہ بھتیجوں کے پاس پہنچا سیلابی ریلا انہیں بہا لے گیا تاہم بھتیجے بچ گئے اور چچا خوفناک سیلاب کی زد میں آگیا شہری دفاع کی ٹیمیں اس تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وادی میں موجود ایک عینی شاہد نے بتایا کہ سعودی شہری کے بھتیجے سیلابی ریلے میں گھرے ہوئے تھے۔ ایک یمنی شہری نے انہیں شیور کی مدد سے نکال لیا البتہ ان کے چچا کو سیلابی ریلے میں بہا کر لے گیا۔
امدادی کارروائی کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں نظر آرہا ہے کہ یمنی شہری شیول کے ذریعے دو بچوں کو سیلاب سے نکالنے کی کوشش کررہا ہے۔
جازان ریجن میں موسلا دھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔ گزشتہ روز بھی چار بچے اپنے باپ کی آنکھوں کے سامنے سیلابی پانی میں ڈوب گئے تھے۔