جمعرات کو سورج گرہن ہوگا، کیا سعودی عرب میں دیکھا جاسکے گا؟
سورج گرہن مکہ کے وقت کے مطابق صبح 4 بجکر 34 منٹ سے شروع ہوگا (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں جدہ کی فلکیاتی انجمن نے کہا ہے کہ ’جمعرات 20 اپریل 2023 کو سورج گرہن ہوگا۔ اپنی نوعیت کا منفرد سورج گرہن سعودی عرب میں نظر نہیں آئے گا‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق سورج گرہن آسٹریلیا، مشرقی تیمور اور انڈونیشیا میں دیکھا جاسکے گا۔ جزوی طور پر جنوب مشرقی ایشیا، فلپائن اور نیوزی لینڈ میں بھی نظر آئے گا۔
فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاھرہ نے کہا ہے کہ ’سورج گرہن مملکت سمیت کسی بھی عرب ملک میں نظر نہیں آئے گا‘۔
ابو زاھرہ نے کہا کہ’ سورج گرہن مکہ مکرمہ کے وقت کے مطابق صبح 4 بجکر 34 منٹ سے شروع ہوگا اور 9 بجکر 59 منٹ تک جاری رہے گا۔ اس کا دورانیہ تقریبا تین گھنٹے 19منٹ کا ہوگا‘۔
’اس دوران چاند کا مرکزی سایہ 13.800 کلو میٹر لمبا سفر طے کرے گا۔ اس کا عرض 49 کلو میٹر کے لگ بھگ ہوگا یہ کرہ ارض کے 0.07 رقبے کا احاطہ کرے گا‘۔
ابو زاھرہ نے بیان میں کہا کہ ’منفرد سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند کرہ ارض کے اس قدر قریب آجاتا ہے۔ اس کا سایہ زمین تک پہنچنے لگتا ہے چونکہ زمین کرہ کی شکل کی ہے لہذا چاند زمین سے قریب ہوگا اور اس کا انتہائی سایہ سطح ارض سے کچھ ہی اوپر ہوگا‘۔
یاد رہے کہ سورج گرہن کے دو ہفتے بعد نیم چاند گرہن ہوگا یہ ماہ شوال کے وسط میں ہوگا۔ اسے سعودی عرب کے علاوہ دیگر عرب ممالک، ایشیا، آسٹریلیا، مشرقی یورپ اور مشرقی افریقہ میں دیکھا جاسکے گا۔