Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین جنگ، روس کی مدد کرنے والوں کو بھاری قیمت ادا کرنا ہو گی: جی سیون

گروپ نے طالبان کی ’خواتین کے حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر تنقید کی‘ (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی سیون کے وزرائے خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین جنگ میں روس کی مدد کرنے والوں کو ’بھاری قیمت‘ ادا کرنا پڑے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو جاپان میں دو روزہ مذاکرات کے بعد اعلیٰ سفارت کاروں نے ماسکو پر کوئی نئی پابندیاں عائد نہیں کیں تاہم ان اقدامات سے بچنے اور ہتھیاروں کے حصول میں روس کی مدد کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ہم روس کے خلاف پابندیوں میں تیزی لانے اور انہیں مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ جب تک یوکرین اپنا دفاع کرے گا تب تک اس کی حمایت کریں گے۔‘
جی سیون کے وزرائے خارجہ نے افغانستان میں غیرسرکاری تنظیموں اور اقوام متحدہ کے لیے کام کرنے والی خواتین پر پابندی کو ’فوری واپس لینے‘ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
جاپان میں دو روزہ مذاکرات کے بعد جاری کردہ بیان میں جی سیون نے طالبان حکام کی جانب سے ’خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں اور مذہبی و نسلی بنیاد پر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک‘ کی مذمت کی۔
گروپ نے طالبان حکام کی ’خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر کڑی تنقید کی۔‘
طالبان کی جانب سے اقوام متحدہ میں شامل غیر سرکاری تنظیموں کے لیے کام کرنے والی افغان خواتین پر پابندی میں توسیع کے بعد سے عالمی برداری غم وغصے کا شکار ہے۔
طالبان نے اس اقدام پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ایک اندرونی مسئلہ ہے جس کا تمام فریقین کو احترام کرنا چاہیے۔‘
اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ طالبان کی جانب سے خواتین امدادی کارکنوں پر پابندی اہم انسانی امداد کے منصوبوں کے لیے ’بہت بڑا دھچکا‘ ثابت ہو سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے شعبہ انسانی ہمدردی کے سربراہ مارٹن گریفتھس نے کہا تھا کہ ‘اگر طالبان اپنے حکم میں استثنٰی کی گنجائش پیدا نہیں کرتے تو یہ تباہ کن ہو گا۔‘
مارٹن گریفتھس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’طالبان کی جانب سے 24 دسمبر کو ایک حکم نامہ جاری کیا گیا جس کے بعد خواتین کو امدادی گروپس میں کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ محکمہ صحت میں خواتین کو استثنٰی دیا گیا اور پرائمری تک سکول تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دی گئی۔‘
اگست 2021 میں طالبان جب اقتدار میں آئے تھے تو انہوں نے اپنے گزشتہ دورِ حکومت کے بنسبت اس مرتبہ نرم پالیسیاں اپنانے کا وعدہ کیا تھا تاہم وقت کے ساتھ انہوں نے سخت پالیسیاں نافذ کیں۔
وعدے کے باوجود طالبان نے خواتین کو زندگی کے تقریباً تمام شعبوں سے بے دخل کیا اورلڑکیوں پر سیکنڈری اور اعلٰی تعلیم کے حصول کے دروازے بند کیے۔

شیئر: