Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وزڈن کرکٹر آف دی 2022‘ کا اعزاز بین سٹوکس کے نام

بین سٹوکس نے انگلینڈ کا ٹیسٹ کپتان بننے کے بعد سے اب تک 12 میں سے 10 میچ جیتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کے سٹار آل راؤنڈر بین سٹوکس نے پیر کو چار سال میں تیسری بار وزڈن لیڈنگ مینز کرکٹر کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بین سٹوکس کو ان کی سنہ 2022 میں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے لیے شاندار کپتانی اور ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں میچ وننگ کارکردگی کی وجہ سے منتخب کیا گیا۔
آل راؤنڈر انگلینڈ کے ٹیسٹ ٹیم کے کوچ برینڈن میکولم کے ساتھ وزڈن کے 160 ویں ایڈیشن کے کور کی زینت بنے ہیں۔ وہ اس سے قبل 2019 اور 2020 میں یہ ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔
سٹوکس نے انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بننے کے بعد سے اب تک 12 میں سے 10 میچ جیتے ہیں۔ ان کی جارحانہ حکمت عملی نے ٹیم میں نئی روح پھونک دی ہے۔
انہوں نے وائٹ بال میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور گزشتہ برس نومبر میں ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کے خلاف ان کی نصف سینچری نے انگلینڈ کے ٹرافی جیتنے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔
وزڈن کے ایڈیٹر لارنس بوتھ کا کہنا تھا کہ ’بین سٹوکس کے علاوہ کسی اور کرکٹر کا سوچنا مشکل ہے جس نے اپنی ٹیم کی قسمت اچانک بدل دی۔‘

بین سٹوکس کی ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں نصف سینچری نے انگلینڈ کے ٹرافی جیتنے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ’جب بین سٹوکس نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سنبھالی تو انگلینڈ اپنے گزشتہ 17 میچز میں سے صرف ایک ہی جیت پایا تھا۔ لیکن اس کے بعد وہ پاکستان میں تین صفر سے ٹیسٹ سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی، اور انہوں نے 10 میں سے نو میچز جیتے۔ وہ بے مثال انداز اور جوش سے کھیلے۔‘
بین سٹوکس کے ٹیم میں ساتھی اور بیٹر جونی بیئرسٹو کو وزڈن کی جانب سے ایجبسٹن میں انڈیا کے خلاف دو سینچریوں کی وجہ سے ٹیسٹ میچز میں بہترین انفرادی کارکردگی کا ایوارڈ ملا۔
آسٹریلیا کی بیتھ مونی نے دوسری بار دنیا کی صف اول کی خواتین کرکٹر کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ دنیا کے ٹاپ ٹی20 کرکٹر کا ایوارڈ انڈیا کے سوریا کمار یادو کے نام رہا۔

شیئر: