سٹیو سمتھ ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ عجیب بھی ہیں: بین سٹوکس
سٹیو سمتھ ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ عجیب بھی ہیں: بین سٹوکس
بدھ 29 اپریل 2020 13:49
سٹیو سمتھ آسٹریلیا کی طرف سے اب تک 73 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں (فوٹو ٹوئٹر)
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین سٹوکس نے آسٹریلیا کے سابق کپتان سٹیو سمتھ کو انتہائی ذہین قرار دیا ہے۔
تاہم بین سٹوکس کا کہنا ہے کہ سٹیو سمتھ ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ ’عجیب‘ بھی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بین سٹوکس نے پوڈ کاسٹ پر نشر ہونے والے ایک پروگرام میں کہا کہ سٹیو سمتھ کے خلاف کھیلنا بھی اتنا ہی عجیب ہے جتنا کہ ان کے ساتھ کھیلنا۔
’اور سب سے بہترین بات یہ ہے کہ وہ خود بھی یہ تسلم کرتے ہیں۔’
بین سٹوکس نے کہا کہ ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ تھوڑا سا عجیب ہونا بھی ضروری ہے اور سٹیو سمتھ میں یہ دونوں صفات موجود ہیں۔
بین سٹوکس نے حریف کھلاڑی کے بارے میں مزید کہا کہ وہ خود کرکٹ بالخصوص بیٹنگ کے بارے میں اس انداز سے نہیں سوچتے جیسے سمتھ سوچتے ہیں۔ ’میں کبھی بھی ایسا نہ کر سکوں اور یہی وجہ ہے کہ سٹیو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی 60 کی اوسط سے زیادہ رنز بناتے ہیں۔‘
30 سالہ سٹیو سمتھ 73 ٹیسٹ میچز میں 62 سے زیادہ کی اوسط رنز بنا چکے ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف ان کا رن ریٹ 65.11 ہے۔
2019 میں کھیلی جانے والی ایشز سیریز میں سٹیو سمتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔
بین سٹوکس نے انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ سٹیو برطانیہ کی حریف آسٹریلوی ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں لیکن اس کے باوجود ایسے کھلاڑیوں کو داد دینی پڑتی ہے جو بالخصوص بیٹنگ میں بالکل ہی مختلف درجے پر ہوں۔