انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ’فائرنگ سے پانچ فوجی ہلاک‘
جمعرات 20 اپریل 2023 19:09
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق راشٹریا رائفلز یونٹ سے تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ایک حملے میں پانچ انڈین فوجی ہلاک اور ایک فوجی زخمی ہوگیا ہے۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق انڈین فوج کے مرکز سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین فوج کی گاڑی پر کشمیر کے ضلع پونچھ میں عسکریت پسندوں نے دوپہر تین بجے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پانچ فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد انڈین فوج کی گاڑی میں آگ لگ جاتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق راشٹریا رائفلز یونٹ سے تھا اور انہیں علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کرنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔
انڈین فوج کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل دیوندر آنند کے مطابق ’دوپہر تقریباً تین بجے بھمبر گلی سے راجوڑی سیکٹر کے ضلع پونچھ جانے والی گاڑی پر نامعلوم دہشتگردوں نے تیز بارشوں اور کم روشنی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کی۔‘
انڈین میڈیا کے مطابق انڈیا کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے کی جانب سے حملے کے بعد بریفنگ دی گئی ہے۔
اس سے قبل وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ضلع پونچھ میں ہونے والے سانحے پر شدید غصے میں ہیں جہاں ٹرک میں آگ لگنے سے انڈین فوج کے بہادر فوجی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔‘