Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، پاکستانی وزیرخارجہ انڈیا جائیں گے

بلاول بھٹو زرداری گزشتہ 12 برس میں انڈیا کو دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیرخارجہ ہوں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری انڈیا کے شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ اجلاس چار اور پانچ مئی کو ہو گا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم  کے موجودہ سربراہ اور انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی دعوت پر بلاول بھٹو زرداری وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں انڈیا نے پاکستان کے وزیر خارجہ کو ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ جولائی میں تاشقند میں ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔
شنگھائی تعاون تنظیم میں چین، انڈیا، روس، پاکستان اور چار وسطی ایشیائی ریاستیں شامل ہیں۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق دعوت نامہ اسلام آباد میں انڈیا کے ہائی کمیشن کی جانب سے پہنچایا گیا تھا۔
یہ دعوت نامہ قبول کر کے بلاول بھٹو زرداری گزشتہ 12 برس میں پہلے پاکستانی وزیر خارجہ ہوں گے جو انڈیا کا دورہ کریں گے۔
سنہ 1947 میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد دونوں پڑوسی ملکوں میں تین جنگیں ہو چکی ہیں۔
دونوں ملکوں کے درمیان ہمالیائی خطے میں واقع ریاست جموں کشمیر کے باعث دو جنگیں ہوئیں۔
انڈیا کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے میں عسکریت پسندی کا الزام پاکستان پر لگاتا آیا ہے جس کی اسلام آباد تردید کرتا ہے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان سنہ 2019 کے اواخر میں کشیدگی بڑھ گئی تھی جب انڈیا نے اپنے زیرانتظام جموں کشمیر کی خودمختار حیثیت کا خاتمہ کر دیا تھا۔
اس کے بعد سے دونوں ملکوں میں سرکاری سطح پر بات چیت معطل ہے۔

شیئر: